خواجۂ خواجگان
حضرت سید نور محمد بدایونی

رحمۃ اللہ علیہ

سید السادات حضرت نور محمد بدایونی علیہ الرحمۃ نے ابتداء میں علوم شرعیہ کی تعلیم حاصل کی۔ جس میں مہارت اور سند فراغت حاصل کرنے کے بعد باطنی علوم و معرفت الٰہی کے حصول کے لئے حضرت خواجہ سیف الدین قدس سرہ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور سلسلہ نقشبندیہ میں بیعت کی۔ صحبت و خدمت سے استفادہ کیا اور انکے وصال کے بعد خلیفہ اعظم حضرت حافظ محمد محسن دہلوی رحمۃ اللہ علیہ سے تجدید بیعت کی اور فیوض و برکات حاصل کئے۔ آپ گردن نیچے کرکے مراقبہ کثرت سے کرتے تھے، جس کی وجہ سے آپ کی گردن مبارک خمیدہ (کبڑی) ہوگئی تھی۔ حضرت حافظ محمد محسن رحمۃ اللہ علیہ کے بعد آپ نے تلقین و ارشاد کا منصب سنبھالا اور آپ سے ایک عالم فیضیاب ہوا۔

گیارہ ذی قعدہ ۱۱۳۵ ھجری میں دہلی میں آپ کا انتقال ہوا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ دہلی میں حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء قدس سرہ کے مزار مبارک کے قریب جنوب کی جانب آپ کا مزار پرانوار زیارت گاہ خاص و عام ہے۔ جس پر درج ذیل عبارت لکھی ہوئی ہے ”سید نور محمد بدایونی رحمۃ اللہ علیہ بتاریخ ۱۱ ذی قعدہ ۱۱۳۵ ھجری انتقال فرمود“