مکتوبات فضلیہ

مندرجہ ذیل چند مکتوبات شریف حضرت شیخ العرب والعجم خواجہ غریب نواز پیر فضل علی قریشی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ کے تحریر شدہ ہیں، جو کہ ابتک نایاب اور غیر مطبوعہ تھے۔ یہ مکتوبات شریف بنام ماسٹر رحمت اللہ صاحب تحریر ہیں جو آپ  کے مخلص مرید تھے۔ یہ مکتوبات شریف صرف الفاظ نہیں، بلکہ انوارات کا ایسا مجموعہ ہیں جو پڑھنے والوں کے قلوب کو منور کردیتے ہیں۔ تصوف و طریقت سے محبت رکھنے والوں کے لئے، اور آپ علیہ الرحمۃ سے نسبت رکھنے والوں کے لئے یہ ایک بیش قیمت تحفہ ہے جو جماعت اصلاح المسلمین کی طرف سے پیش کیا جارہا ہے۔

 


مکتوب ۱

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

از مسکین پور شریف

      بخدمت جناب میاں رحمت اللہ صاحب حفظہ اللہ تعالیٰ

السلام علیکم و رحمۃ اللہ۔ آپ کا خط آیا، خوشی ہوئی۔ نفس کو وسواس کا موقع نہ دیں اور وسواس کی طرف خیال نہ کریں، اگر وسواس آئیں تو اُسے دور کریں، اور اپنی پہلی حالت کو یاد کریں۔ اب تو الحمدللہ بہت اچھی حالت ہے۔ اور غصے کے لئے، اگر آجائے تو اَعُوذُ بِاللہ پڑھیں اور پانی پی  لیں اور اگر کھڑے ہوں تو بیٹھ جائیں۔ یہ چیزیں استعمال میں لاویں، انشاء اللہ تعالیٰ دونوں امراض دفع ہونگے۔ ذکر کو ہمت سے کریں اور شریعت کی پابندی کریں، جو کچھ ملتا ہے شریعت کی پابندی میں ملتا ہے۔ تقویٰ کرو، خوف خدا رکھیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اور جمیع مسلمانان کے مطالب پورے فرمائے، آمین۔ فقیر ہر دم دعاگو ہے۔ مبارک ہو کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے فرزند ارجمند دوسرا عطا فرمایا ہے۔ آپ تمام جماعت سکھر و دیگر جماعت کو اطلاع دیں اور مبارک دیں۔ تاریخ عقیقہ بتاریخ ۵ رجب مقرر ہے۔ پیر جی غلام دستگیر شاہ کو اطلاع دیں۔

فقط ۲ رجب المرجب بروز سوموار
فقیر محمد فضل علی قریشی عباسی
مسکین پور شریف

 


مکتوب ۲

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

از مسکین پور شریف

مؤرخہ ۱۸ شوال المکرم

    السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔

بندہ، الجناب کے مقصد سے آگاہ ہوا۔ جزاک اللہ تعالیٰ کہ مقصد سعید کی طلب ہورہی ہے، لہٰذا مختصر عرض ہے کہ صحبت شیخ و اتباع سنت صلّی اللہ علیہ وسلم کی سعی کرتے رہیں۔ تمام جماعت کو السلام علیکم

 


مکتوب ۳

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

بخدمت ماسٹر صاحب زاد اللہ محبتکم

السلام علیکم۔ اس جگہ ہر وجہ خیریت ہے، تمہاری خیریت مطلوب۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ترقی نصیب فرماوے۔ عرس شریف بتاریخ ۲۲ بساکھ مطابق ۱۹ محرم ۴ مئی ختم ہوگا۔

فقط
محمد فضل علی قریشی
بقلم خود

 


مکتوب ۴

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

عزیزی رحمت اللہ

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔ آپ اپنے کام میں کوشان رہیں۔ خوب اللہ اللہ کرتے رہیں۔ بس ایک ذات واحد (اللہ) کو نہ چھوڑیں۔ دین و دنیا خود بخود سنور جائیں گے اور دشمنانِ ظاہری و باطنی اپنے منہ کی کھائیں گے۔

شریعت کے کاموں میں کوشان رہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کے امورات میں کامیاب کرے۔ آمین۔

والسلام

 


مکتوب ۵ بنام حضرت پیر مٹھا رحمۃ اللہ علیہ

بخدمت جناب مولوی صاحب! السلام علیکم

از طرف مسکین لاشئ محمد فضل علی

اگر آپ بمعہ لعل خاں حاجی پور میں آجاؤ تو بہتر ہے۔ پتن مہرے والا، سیت پور، سلطان پور گریں آرائیں مہرے والا، پتی جمعہ آرائیں، حاجی پور، یہ راستہ ہے۔