فہرست الطاہر شمارہ نمبر 46
شعبان 1428ھ بمطابق اگست 2007ع

گلہائے رنگ رنگ

 

فرمان رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم

حضرت ابو مالک اشعری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت کے لوگ شراب پئیں گے، لیکن اس کا نام کچھ اور رکھ دیں گے، ان کی سرپرستی میں باجے بجیں گے گانے والیاں گائیں گی اور اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو زمین میں دھنسا دے گا۔ (ابن ماجہ شریف)

مرسلہ: ہومیو ڈاکٹر محمد اشرف ملک بھریا روڈ

حدیث

  • حضور اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو تجھ سے مشورہ لے اس کو نیک مشورہ دے، اگر تونے ایسا نہ کیا تو البتہ تونے اس کے حق میں خیانت کی۔
  • بھلے کام بتانے والا اجر میں اس کے کرنے والے کے برابر ہے۔
  • جس نے خرید و فروخت میں دھوکے بازی کی وہ ہم میں سے نہیں ہے۔
  • نماز صبح کی ادائیگی کے لیے صبح کو خوب ظاہر کرو، کیونکہ اس میں زیادہ ثواب ہے۔

(مسند امام اعظم)

مرسلہ: عبدالغفور ۔ جلال موری

دوستی

  • وہ غریب ہے جس کا کوئی دوست نہیں۔
  • دوستی ایک عظیم نعمت ہے اس کی قدر کرو۔
  • اچھا دوست خدا کا دیا ہوا تحفہ ہے۔
  • خیر خواہ دوست وہ ہے جو دوست کو اس کی خامی سے آگاہ کرے۔

مرسلہ شیخ طارق علی طاہری ۔ قافلہ سرائے لاڑکانہ

خبردار

ایک دفعہ ایک شخص کی بیوی گم ہوگئی تو اسکی گمشدگی کے بارے میں اخبار میں یوں اشتہار دیا ”میری بیوی پچھلے جمعے گم ہوگئی ہے، اگر کسی نے اطلاع دینے کی کوشش کی تو میں اسے جان سے ماردوں گا“۔

مرسلہ: شمائلہ طاہری ۔ چک نمبر 208 ر۔ب فیصل آباد

عمر مبارک انبیاء کرام

  • حضرت محمد صلّی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک 63 سال تھی۔
  • حضرت آدم علیہ السلام کی عمر مبارک 1000 سال تھی۔
  • حضرت شعیب علیہ السلام کی عمر مبارک882 سال تھی۔
  • حضرت نوح علیہ السلام کی عمر مبارک950 سال تھی۔
  • حضرت صالح علیہ السلام کی عمر مبارک850 سال تھی۔
  • حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عمر مبارک195 سال تھی۔
  • حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عمر مبارک137 سال تھی۔

مرسلہ: محمد ساجد رشید کمبوہ ۔ پیرمراد کالونی وہاڑی

مسکراہٹ

  • روح کو شگفتہ و پائیدار رکھتی ہے۔
  • خلوص کا اظہار ہے۔
  • دلوں کو جیتنے کا واحد ذریعہ ہے۔
  • شدت غم کو چھپاتی ہے۔
  • زندگی کا دوسرا نام ہے۔
  • اظہار تشکر کا نہایت لطیف ذریعہ ہے۔
  • غموں کے پہاڑ میں حوصلے کی چٹان ہے۔
  • تاریکی کے بادلوں میں امید کی کرن ہے۔
  • شخصیت میں وقار پیدا کرتی ہے۔
  • اگر دوست کے لبوں پر ہو تو محبت اور بڑھ جاتی ہے۔

مرسلہ: عبدالرزاق خاصخیلی طاہری ۔ بیلہ بلوچستان

غم

اگر دنیا کے تمام غموں کو ہر انسان میں مساوی طور پر تقسیم کرنے کا فیصلہ ہو تو انسان یہی کہے گا نہیں نہیں میں اپنی موجودہ حالت میں بہتر ہوں۔ غم اور زبان کا گہرا تعلق ہے۔ غم میں جتنی شدت اور گہرائی ہوگی زبان اتنی ہی زیادہ بند اور خاموش رہے گی۔ وہ لوگ خوش نصیب ہیں جو اپنے غم کا اظہار کرلیتے ہیں، اس طرح وہ کچھ تسکین تو حاصل کرلیتے ہیں۔ میں نے غم کو الوداع کہا اور اسے پیچھے چھوڑ دیا لیکن غم کتنا مشکل اور مہربان ساتھی ہے کہ میرا پیچھا نہیں چھوڑتا اور برابر میرے تعاقب میں ہے۔ میں غم کے ساتھ کچھ دور گئی لیکن اس نے مجھ سے ایک لفظ نہیں کہا، لیکن میں کیا بتاؤں اس کی ہمراہی کے دوران کتنی عظیم باتیں سیکھ لی ہیں۔

مرسلہ: ثمینہ کوثر ۔ بھلیر 119

جھوٹ ایک دشمن

یہ بھی بہت بڑی خیانت ہے کہ تم اپنے بھائی سے کوئی جھوٹ کی بات بیان کرو جبکہ وہ تم کو اس میں سچا سمجھتا ہو۔

عمدہ لباس کے حریص کفن یاد رکھ، عمدہ مکان کے شیدائی صبر کا گڑھا مت بھول، عمدہ غذاؤں کے دلدادہ کیڑے مکوڑوں کے غذا بننا یاد رکھ۔

مرسلہ: نادیہ فرزند ۔ پیر مراد کالونی وہاڑی

سنہری باتیں

  • دوست کو اس کی دوستی سے نہیں بلکہ اس کے اخلاق سے پہچانو۔
  • بادل کی طرح رہو، پھولوں پر ہی نہیں کانٹوں پر بھی برستا ہے۔
  • اچھے دوستوں کی ہمیشہ قدر کرو۔
  • ہر مشکل انسان کی ہمت کا امتحان ہے۔
  • حقیر سے حقیر پیشہ بھی ہاتھ پھیلانے سے بہتر ہے۔
  • تلوار کا زخم بدن پر اور زبان کا زخم روح پر لگتا ہے۔
  • کتابوں کی قیمت جواہرات سے بھی زیادہ ہے، کیونکہ جواہرات ظاہری چمک دکھاتے ہیں جبکہ کتابیں باطن کو منور کرتی ہیں۔

مرسلہ: طفیل احمد رونجہ

خوبصورت نظارہ

دیہات کی سیر کے دوران ایک شہری نے لہلہاتے سرسبز کھیتوں، جھومتے درختوں وغیرہ کو دیکھ کر بے اختیار بڑے رشک سے کہا ”واہ کیا خوبصورت نظارہ ہے۔۔۔“

قریب کھڑا دیہاتی کاشتکار بولا ”اگر آپ کو یہ نظارہ ’تیار‘ کرنے کے لیے کڑکڑاتی سردی میں صبح اٹھ کر کھیتوں میں پانی دینا پڑے، گوڈی کرنی پڑے، کھاد ڈالنی پڑے، اسپرے کرنا پڑے، چلچلاتی دھوپ میں فصل کاٹنی پڑے، عشر، آبیانہ اور دوسرے ٹیکس دینے پڑیں تو پھر آپ کو یہ نظارہ بہت عام سا لگے گا“۔

مرسلہ: منیر احمد رونجہ طاہری ۔ نوتانی بیلہ بلوچستان

مختلف ممالک کے قومی نشان

  • پاکستان کا قومی نشان چاند تارا
  • مصر کا قومی نشان کنول کا پھول
  • جاپان کا قومی نشان گل داؤدی
  • ترکی کا قومی نشان بھیڑیا
  • آسٹریلیا کا قومی نشان کینگرو
  • ڈنمارک کا قومی نشان ساحل

مرسلہ: نذیر احمد رونجہ طاہری ۔ بیلہ بلوچستان

جانوروں سے ہم کیا سیکھتے ہیں

  • چیونٹی سے کفایت شعاری
  • بیل سے فرمانبرداری، راستی
  • شیر سے دلیری، بہادری
  • بندر سے چالاکی، حکمت
  • باز سے فراست
  • کتے سے وفاداری، فرمان برداری
  • مرغ سے بیداری، ہوشیاری
  • شہد کی مکھی سے محنت، جفاکشی
  • عقاب سے بلند پروازی
  • تتلی سے معصوم مسکراہٹ
  • گھوڑے سے تیزی، چستی
  • ہاتھی سے دانائی
  • فاختہ سے سادگی، بھولپن

مرسلہ: غلام مصطفی ۔ اسلامک سینٹر

ارشادات پیر فضل علی قریشی

  • پیر کا حق ماں باپ سے زیادہ سمجھو۔ یہ جسم کی پرورش کرتے ہیں اور پیر روح اور ایمان کی پرورش کرتا ہے جو کہ بڑی نعمتیں ہیں۔
  • اگر پیر سے محبت سچی ہو تو ہزار کوس دور بیٹھے ہوئے بھی فائدہ پہنچے گا۔

مرسلہ: سعید احمد طاہری ۔ عمر کوٹ

معلومات

  • مزار اقبال کی چھت کے وسط میں اسم محمد صلّی اللہ علیہ وسلم لکھا ہے۔
  • دنیا میں سب سے زیادہ ریشم چین میں پایا جاتا ہے۔

مرسلہ: محمد عمر خان طاہری ۔ مکوآنہ

ہنسنا منع ہے

ایک آدمی ڈاکٹر کے پاس گیا اور کہا ”ڈاکٹر صاحب میرا حافظہ بہت کمزور ہوگیا ہے، کوئی بھی بات یاد نہیں رہتی“۔

ڈاکٹر صاحب نے پوچھا ”تمہیں یہ شکایت کب سے ہے؟“

مریض بولا ”کون سی شکایت؟“

مرسلہ: شکیل احمدطاہری ۔ مولا مدد

اقوال زریں

  • ماں باپ کی خوشنودی دنیا میں باعث دولت ہے اور آخرت میں باعث نجات ہے۔
  • اچھی چیز کے حصول کے لیے برا طریقہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔
  • ماں کا پیار کسی کو بتانے یا سکھانے کا نہیں۔

مرسلہ: حارث سجاد بوزدار ۔ طاہر آباد

باتوں سے خوشبو آئے

  • کسی کا برا چاہنے والا کبھی خوش نہیں رہ سکتا۔
  • علم ایسا بادل ہے جس سے رحمت برستی ہے۔
  • اگر دل سیاہ ہو تو چمکتی ہوئی آنکھ بھی کچھ نہیں دیکھ سکتی۔

مرسلہ: عبدالغفور مری ۔ جلال موری

دنیا میں کوئی نہیں

  • انسان حضرت محمد صلّی اللہ علیہ وسلم جیسا
  • کتاب قرآن مجید جیسی
  • صدیق حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ جیسا
  • عادل حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ جیسا
  • سخی حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ جیسا
  • بہادر حضرت علی رضی اللہ عنہ جیسا
  • شہید حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ جیسا
  • پیر حضرت سجن سائیں جیسا

مرسلہ: مہرالنساء طاہری ۔ دنبہ گوٹھ

حضور اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

  • کسی کو اچھی بات بتانا خاموش رہنے سے بہتر ہے اور بری بات بتانے سے خاموش رہنا بہتر ہے۔
  • کھانے میں عیب نہ نکالو، ناپسند ہو تو نہ کھاؤ۔
  • جو آدمی اپنی روزی میں وسعت اور درازی عمر کا خواہش مند ہے وہ اپنے رشتہ داروں سے اچھا سلوک کرے۔

مرسلہ: شمع پالاری طاہری ۔ دنبہ گوٹھ

بات ہے سمجھنے کی

  • کسی کے ساتھ بداخلاقی کا مظاہرہ کرنے والا مقابل سے زیادہ اپنا نقصان کرتا ہے۔
  • زندگی میں ہرکام نہایت سوچ سمجھ کرکیجیے کیونکہ زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر اس کے نتائج آپ کے لیے اہمیت اختیار کرجائیں گے۔
  • ہر چیز ثابت نہیں کی جاسکتی۔

مرسلہ: سیماں طاہری ۔ دنبہ گوٹھ ٹاؤن

مہکتی کلیاں

  • مارنا ہے تو جڑ پر مارو شاخیں خود بخود گرجائیں گی۔
  • تعلیم سے انسان کی وحشت اور دیوانگی دور ہوجاتی ہے۔
  • ہاتھی اورعورت دونوں کبھی زخم نہیں بھولتے۔

ثوبیہ منظور ۔ رب 229 مکوآنہ

سچ تو یہ ہے کہ

  • اگر کوئی کہے کہ وہ محروم ہے تو سمجھ جائیے کہ وہ گستاخ ہے۔ محرومی گستاخی کا ہی دوسرا نام ہے۔
  • ہر شخص حقیقت پسند ہونے کا دعویٰ کرتا ہے مگر حقیقت میں نظر چراتے ہوئے۔
  • خواہشات انسان کو متحرک کیے رکھتی ہیں۔

مرسلہ: فقیر عبدالرشید گدور طاہری ۔ بیلہ بلوچستان

ماں کون ہے؟

کسی نے پوچھا ”ماں کیا ہے؟“

  • اولاد نے کہا ”ممتا کی داستان ہے جس کا کوئی بدل نہیں“
  • شاعر نے کہا ”ایسی غزل ہے جو سنتے ہی دل میں اتر جاتی ہے“
  • مالی نے کہا ”باغ کا ایسا پھول جس کی خوشبو سے دنیا مہکتی ہے“
  • بادل نے کہا ”ایسی دھنک ہے جس میں ہر رنگ نمایاں ہے“
  • چاند نے کہا ”وہ روشنی ہے جسے ٹھنڈک کہتے ہیں“
  • مصنف نے کہا ”وہ لفظ ہے جسے لکھتے ہوئے سرور آجاتا ہے“
  • ہواؤں نے کہا ”ایسا رشتہ ہے جس کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا“
  • درخت نے کہا ”وہ چھاؤں ہے جس کے سائے میں بیٹھ کر سکون ملتا ہے“

مرسلہ: عبدالشکور خاصخیلی طاہری ۔ نوتانی بیلہ

اقوال سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ

  • اس دن پر رو جو تیری عمر کا گذر گیا اور اس میں نیکی نہیں کی۔
  • زبان کو شکوہ سے روکنے سے خوشی حاصل ہوتی ہے۔
  • تکبر اگر مالدار کریں تو یہ برا ہے لیکن اگر غریب کریں تو بدتر ہے۔
  • جو شخص اللہ تعالیٰ کی محبت خالص کا مزا چکھتا ہے وہ مزا اس کو طلب دنیا کے مزے سے روک دیتا ہے۔
  • جسے خوف خدا سے رونے کی توفیق نہ ہو وہ رونے والوں پر رحم کیا کرے۔
  • موت سے محبت کرو تو زندگی عطا کی جائے گی۔

مرسلہ: فقیر ماجد اشتیاق طاہری ۔ حیدرآباد

دس چیزیں

  • عیب عمل کو کھا جاتا ہے۔
  • صدقہ بلا کو کھا جاتا ہے۔
  • غصہ تدبر کو کھا جاتا ہے۔
  • تکبر علم کو کھا جاتا ہے۔
  • عدل ظلم کو کھا جاتا ہے۔
  • غم عمر کو کھا جاتا ہے۔
  • جھوٹ رزق کو کھا جاتا ہے۔
  • نیکی بدی کو کھا جاتی ہے۔
  • پشیمانی سخاوت کو کھا جاتی ہے۔
  • توبہ گناہ کو کھا جاتی ہے۔

مرسلہ: محمد حیات لاسی طاہری ۔ بیلہ بلوچستان

ذکر سے غافل

ایک بزرگ روزانہ دریا سے مچھلیاں پکڑنے جاتے تھے۔ ایک دن وہ اپنی بیٹی کو بھی ساتھ لے گئے۔ وہ مچھلیاں پکڑتے رہے اور پکڑ پکڑ کر بیٹی کو دیتے رہے، یہاں تک کہ شام ہوگئی۔ انہوں نے جال سمیٹا پھر بیٹی سے کہا مچھلیاں کہاں ہیں۔ بیٹی نے جواب دیا ابا جان وہ تو میں نے دریا میں ڈال دیں۔ بزرگ حیران ہوئے یہ تم نے کیا کیا؟ بیٹی نے کہا ابا جان آپ ہی نے ایک دن کہا تھا کہ جو مچھلی اللہ کے ذکر سے غافل ہو وہی پکڑی جاتی ہے، میں نے سوچا کہ یہ تمام مچھلیاں اللہ کے ذکر سے غافل ہوئی ہیں، یہ نہ ہو کہ جب ہم انہیں کھائیں تو ہم بھی اللہ کے ذکر سے غافل ہوجائیں۔

مرسلہ: سمیہ بنت اسلم ۔ حیدرآباد

معلوماتی گلدستہ

  • سائنسدانوں کے مطابق دنیا کی عمر 10 ارب سال ہے۔
  • سورج زمین سے اندازاً 149598000 کلومیٹر دور ہے۔
  • چاند زمین سے 384399 کلومیٹر دور ہے ۔
  • دنیا میں کل 208 ملک ہیں۔
  • بادشاہی مسجد 1670ء میں تعمیر کی گئی۔
  • پاکستان اور انڈیا کی بارڈر لائین کو ریڈکلف لائین کہا جاتا ہے۔
  • امریکا کرسٹوفر کولمبس نے دریافت کیا۔

مرسلہ: شیخ اشفاق احمد طاہری ۔ قافلہ سرائے لاڑکانہ

مشہور بزرگ کے اصل نام

  • حضرت بابا بلہے شاہ کا اصل نام عبداللہ تھا۔
    حضرت داتا گنج بخش کا اصل نام سید مخدوم علی ہجویری تھا۔
    احمد شاہ ابدالی کا اصل نام احمد خان تھا۔
    خواجہ غریب نواز کا اصل نام معین الدین چشتی تھا۔
    حضرت امام غزالی کا اصل نام ابوحامد بن الطوسی تھا۔

مرسلہ: حارث سجاد بوزدار ۔ طاہر آباد

بیکار ہے وہ

  • بیکار ہے وہ دوستی جس میں وفائی نہ ہو۔
  • بیکار ہے وہ زندگی جس میں عبادت نہ ہو۔
  • بیکار ہے وہ محبت جس میں تڑپ نہ ہو۔
  • بیکار ہے وہ انسان جس میں انسانیت نہ ہو۔
  • بیکار ہے وہ قانون جس میں انصاف نہ ہو۔
  • بیکار ہے وہ نماز جس میں دھیان نہ ہو۔
  • بیکار ہے وہ علم جس میں سمجھ نہ ہو۔
  • بیکار ہے وہ سوچ جس میں عقلمندی نہ ہو۔

مرسلہ: شاہدہ گل طاہری ۔ لاڑکانہ

تین چیزیں

تین چیزیں انسان کو تباہ کردیتی ہیں۔ حرص، حسد، غرور

مومن کی علامات تین ہیں۔ راست گوئی، ایفائے عہد، دیانت

تین چیزیں انسان کو ایک بار ملتی ہیں۔ والدین، جوانی، حسن

تین چیزوں کو کبھی چھوٹا نہ سمجھیں۔ قرض، فرض، مرض

تین چیزیں کوئی چرا نہیں سکتا۔ علم، ہنر، تعلیم

مرسلہ: سعدیہ طاہری ۔ جھنگ

باپ کا ادب

  • باپ کا احترام کرو تاکہ تمہاری اولاد تمہارا احترام کرے۔
  • باپ کو خوش رکھو تاکہ اللہ تم سے خوش رہے۔
  • باپ کے سامنے اونچی آواز سے نہ بولو ورنہ اللہ تم کو نیچا دکھائے گا۔
  • باپ ایک مقدس محافظ ہے جو اپنی جان پر کھیل کر ساری زندگی اپنے خاندان کی نگرانی کرتا ہے۔

مکی مدنی ۔ حیدرآباد

نماز نہ پڑھنے کا دنیا میں انجام

  • نماز فجر نہ پڑھنے والوں کے چہرے پر نور نہیں ہوتا۔
  • نماز ظہر نہ پڑھنے والے کا دن اچھا نہیں گذرتا۔
  • نماز عصر نہ پڑھنے والے کی اولاد فرماں بردار نہیں ہوتی۔
  • نماز مغرب نہ پڑھنے والا ہمیشہ ادھورا اور ناکام رہتا ہے۔
  • نماز عشاء نہ پڑھنے والے کی نیند میں کشش سکوں نہیں ہوتا۔

محمد محسن طاہری ۔ اسلامک سینٹر کراچی

زندگی

  • میں نے ہوا سے پوچھا زندگی کیا ہے؟ ہوا بولی زندگی سانس ہے۔
  • میں نے چاند سے پوچھا زندگی کیا ہے؟ چاند مسکرا کر بولا زندگی روشنی ہے۔
  • میں نے پھول سے پوچھا ہے زندگی کیا ہے؟ پھول نے ہنس کر کہا زندگی خوشبو ہے۔
  • میں نے تتلی سے پوچھا زندگی کیا ہے؟ تتلی پر پھیلا کر بولی زندگی رنگ ہے۔

مرسلہ: محمد زبیر محمد شعیب طاہری ۔ نواب شاہ

اقوال زریں

  • ماں سے محبت خدا سے محبت ہے۔
  • ہر پتھر دل انسان کبھی نہ کبھی ضرور روتا ہے۔
  • جو گناہ کا مرتکب ہو اسے انسان سمجھو، جو گناہ کرکے اترائے اسے شیطان سمجھو۔

مرسلہ: آصف کمبوہ طاہری ۔ پیر مراد وہاڑی

ماہ رمضان کے اہم واقعات

  • قرآن مجید کا نزول 27 رمضان المبارک کو آسمان سے دنیا پر ہوا۔
  • 2 رمضان المبارک 2 ہجری کو خاتون جنت حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا نکاح حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے ہوا۔
  • جنگ حنین رمضان المبارک میں لڑی گئی۔
  • 21 رمضان المبارک 40 ہجری کو حضرت علی رضی اللہ عنہ کو شہید کردیا گیا۔
  • 27 رمضان المبارک 1366 ہجری کو پاکستان آزاد ہوا۔

مرسلہ: یاسمین طاہری۔ دنبہ گوٹھ سپر ہائی وے کراچی

معراج

کیا آپ معراج کرنا چاہتے ہیں، یعنی اللہ سے ملنا چاہتے ہیں؟ تو آپ اپنی زندگی میں روزانہ پانچ وقت معراج کرسکتے ہیں۔ مگر اس کے لیے آپ کو محبت اور پابندی سے پانچ وقت نماز پڑھنا پڑے گا۔

مرسلہ: خوش محمد بروہی طاہری ۔ لاڑکانہ

معلومات

  • قرآن مجید کی چھ سورتیں شخصیات کے نام پر ہیں۔
  • قرآن مجید کا اکثر حصہ رات کے وقت نازل ہوا۔
  • قرآن مجید کی پانچ سورتیں لفظ قل سے شروع ہوتی ہیں۔
  • قرآن مجید میں بارہ غزوات کا ذکر ہے۔

مرسلہ: مصباح نورین ۔ دوکوٹہ ضلع وہاڑی

اقوال زریں

  • طلوع آفتاب کے وقت نہ سو، کیونکہ یہ عبادت کا وقت ہے اس وقت سونا بدبختی ہے۔ (لقمان حکیم)
  • تین چیزیں محبت بڑھانے کا ذریعہ ہیں، اول سلام کرنا، دوئم دوسروں کے لیے مجلس میں جگہ خالی کرنا، سوئم مخاطب کو بہترین نام سے پکارنا۔ (حضرت عمرفاروق)
  • جو شخص خواہ مخواہ خود کو محتاج بناتا ہے وہ محتاج ہی رہتا ہے۔  (حضرت علی)
  • نہ خود اصول کے خلاف کام کرو نہ کسی کو اصول کے خلاف کام کرتے دیکھ کر خاموش رہو۔ (قائد اعظم)

مرسلہ: نادیہ خان ۔ بھیرہ شریف ضلع سرگودھا

نام میں تاثیر

جب میں نے محبوب سجن سائیں کے نام حضرت خواجہ محمد ”طاہر“ پر غور کیا تو مجھے یوں محسوس ہوا۔

ط۔  طاقت، طبعیت

ا۔  انکساری، انمول

ھ۔  ہمراہ، ہمت

ر۔  رحمت، راحت

  • ویسے طبعیت میں تو آپ بڑے نرم مزاج ہیں، لیکن روحانی طرح اللہ نے آپ کو کتنی طاقت دی ہے صحبت کرنے سے پتہ چلے گا۔
  • واقعی اتنی عاجزی اور انکساری کرتے ہیں اور اللہ نے آپ کو انمول ہیرا بنایا ہے۔
  • جو بھی آپ کا ہمراہ بن جاتا ہے وہ ہمت اور حقیقی بہادری سیکھ جاتا ہے۔
  • ہمیشہ اللہ کی رحمت کی طرف بلاتے ہیں کیونکہ آج کل زندگی میں رحمت نہ ہونے کی وجہ سے راحت اور سکون کم ہورہے ہیں۔

مرسلہ: بے بی طاہرہ، طیبہ بروہی ۔ لاڑکانہ

کیا آپ جانتے ہیں

  • پہلی الیکٹرانک میل یا ای میل رے ٹاملن نے 1972ء میں بھیجی تھی۔ اس کے ذہن میں یہ خیال آیا کہ کمپیوٹر استعمال کرنے والے کا نام کمپیوٹر سے الگ کرنے کے لیے @ کی علامت استعمال کی جائے۔
  • ویت نام میں صرف کاغذ کے نوٹ چلتے ہیں، وہاں دھاتی سکوں کا چلن نہیں ہے۔
  • انگور مائکرو ویو میں رکھنے سے دھماکے کے ساتھ پھٹ جاتے ہیں۔
  • سنہری مچھلی کی یادداشت گرم پانی کے مقابلے میں ٹھنڈے پانی میں زیادہ بہتر ہوتی ہے۔
  • چاند پر بولا جانے والا پہلا لفظ ”OK“ تھا۔
  • صرف ایک گھنٹے ہیڈفون استعمال کرنے سے آپ کے کان میں بیکٹریا کی تعداد 700 گنا بڑھ جاتی ہے۔
  • شام کے مقابلے میں صبح بیدار ہونے پر ہمارا قد ایک سینٹی میٹر زیادہ ہوتا ہے۔
  • جاپان کا شاہی خاندان دنیا کی قدیم ترین بادشاہت میں شمار ہوتا ہے۔
  • بہت زیادہ کھانے کے بعد سننے کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے۔

مرسلہ: محمد محبوب اکرم ۔ بلدیہ ٹاؤن کراچی

علم و عمل

  • جس نے عمل سیکھ لیا لیکن اس پر عمل نہ کیا اس کی مثال اس شخص کی ہے جس نے ہل تو چلایا لیکن کاشت نہ کی۔
  • تھوڑا علم عمل کرنے سے بہت ہوسکتا ہے، مگر زیادہ علم بغیر عمل کے ناکارہ ہوجاتا ہے۔
  • جو شخص تلاش علم میں نکلا وہ اپنی واپسی تک گویا اللہ کی راہ پر چلتا رہا۔

مرسلہ: محمد وسیم طاہری نقشبندی ۔ مہاجر کیمپ کراچی

ماں

جب ماں کو خدا نے بنایا تو فرشتوں کو حکم دیا کہ: چاند کی ٹھنڈک، شبنم کے آنسو، بلبل کے نغمے، گلاب کے رنگ، پھول کی مہک، کوئل کی کوک، سمندر کی گہرائی، دریاؤں کی روانی، موجوں کا جوش، چکوری کی تڑپ، کہکشاں کی رنگینی، زمین کی چمک، صبح کا نور اور آفتاب کی تمازت کو جمع کیا جائے تاکہ ماں کی تخلیق کی جائے۔ جب ماں کو خدا نے بنایا تو فرشتوں نے پوچھا اے مالک دوجہاں تونے اس میں اپنی طرف سے کیا شامل کیا تو اللہ نے فرمایا: محبت۔

مرسلہ: محمد عمران طاہری ۔ پیر مراد کالونی وہاڑی

اقوال زریں

  • جس نے علم حاصل کیا لیکن سوچ بچار کی عادت نہیں ڈالی اس کی ساری محنت ضائع ہوگئی۔
  • جو شخص اچھی کتابیں پڑھنے کا شوقین نہیں وہ معراج انسانیت سے گرا ہوا ہے۔

ذیشان احمد طاہری ۔ کشمیری محلہ ماتلی۔

سنہری کرنیں

  • اسلام معاشرے میں حسن پیدا کرنا چاہتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ ہر شخص اپنے مقام و مرتبہ سے آگاہ ہو اور دوسرے کے مرتبے کو پہچانے۔
  • جس طرح حقوق اللہ میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حق یعنی عبادت کو مقدم رکھا ہے اسی طرح حقوق العباد میں والدین کے حقوق کو مقدم رکھا ہے۔

مرسلہ: محمد محی الدین صدیقی طاہری ۔ گلشن حدید فیز 2 کراچی

معلومات

  • حضرت نوح کی کشتی گولچر نامی لکڑی سے بنی ہوئی تھی۔
  • حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا تعلق قبیلہ ”بنی عدی“ سے تھا۔
  • حضور صلّی اللہ علیہ وسلم کے نانا کا نام ”وہب بن عبد مناف“ تھا۔
  • قربانی اور جہاد کا حکم سن 2 ہجری میں ہوا۔

مرسلہ: محمد جنید اوٹھو طاہری ۔ نوابشاہ

مسلمانوں کا تعارف

  • مسلمانوں کا گھر جنت
  • مسلمانوں کا قید خانہ دنیا
  • مسمانوں کی انتظار گاہ قبر
  • مسلمانوں کا دوست اللہ، رسول، مؤمن
  • مسلمانوں کا لباس تقویٰ
  • مسلمانوں کا مقصد رضائے الٰہی
  • مسلمانوں کے دل کا سکون خدا کا ذکر

مرسلہ: غلام مرتضیٰ ملک طاہری ۔ ٹنڈو الہیار

سچے موتی

  • شریعت گلاب ہے۔ طریقت گلاب کی خوشبو ہے۔
  • شریعت خدا کا قانون ہے۔ طریقت اسکی جان ہے۔
  • جس نے اللہ عزوجل پر بھروسہ کیا اس نے مضبوط کڑا تھام لیا۔
  • نیکی کرنا آسان ہے لیکن نیکی کی حفاظت کرنا بہت مشکل ہے۔
  • جس نے اہل اللہ کی مخالفت کی اس نے اپنے لیے تباہی مول لی۔

مرسلہ: فقیر شبیر نعمان طاہری ۔ ٹنڈوالہیار

د نیا میں

  • دنیا کا سب سے بڑا روڈ ”براڈ وے“ نیویارک میں ہے۔
  • دنیا میں سب سے زیادہ کاغذ چین میں پایا جاتا ہے۔
  • دنیا کی سب سے بڑی بندرگاہ ”ہاربر“ نیویارک میں ہے۔
  • دنیا کا قدیم ترین ریلوے اسٹیشن برطانیہ میں ہے۔

مرسلہ: نذیر احمد طاہری ۔ ٹنڈو الہیار

اسلامی معلومات

  • سب سے زیادہ بولیاں جاننے والے پیغمبر حضرت صالح علیہ السلام ہیں۔
  • سب سے پہلے پیغمبر حضرت آدم علیہ السلام کے پیدائش کا دن جمعۃ المبارک ہے۔
  • سب سے پہلے قلم سے حضرت ادریس علیہ السلام نے لکھا۔

مرسلہ: حافظ شاہنواز بروہی ۔ سرہاری

معلومات پاکستان

  • پاکستان کو تسلیم کرنے والا سب سے پہلا ملک ایران ہے۔
  • پاکستان کے پہلے وزیر مواصلات سردار عبدالرب نشتر تھے۔
  • پاکستان کے پہلے چیف جسٹس میاں عبدالرشید تھے۔
  • پاکستان کا سب سے پہلا میڈیکل کالج کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج تھا۔

مرسلہ: محمد صادق اوٹھو طاہری ۔ نوابشاہ