
فہرست | الطاہر شمارہ نمبر 46 شعبان 1428ھ بمطابق اگست 2007ع |
آپ کے خطوط
محترم قارئین! السلام علیکم! مزاج بخیر الطاہر شمارہ نمبر 46 آپ کے ہاتھوں میں ہے. ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ آپ کی آراء و تجاویز کی روشنی میں الطاہر کو بہتر سے بہترین بنایا جاسکے، لہٰذا ادارہ الطاہر آ پ کے مضامین آراء و تبصروں کا ہمیشہ منتظر رہتا ہے۔ امید ہے ہمیشہ کی طرح ہماری حوصلہ افزائی فرماتے رہیں گے۔ آپ کا بھائی محمد جمیل عباسی طاہری
﴾ شمارہ نمبر 45 پڑھا، بہت اچھا لگا، خاص طور پر مضمون تصوف و تزکیہ۔ پچھلے شمارے میں مقابلہ ذہنی آزمائش میں میں نے انعام حاصل کیا لیکن کتاب موصول نہیں ہوئی۔ ذیشان احمد راجپوت ۔ کشمیر محلہ ماتلی بھائی ذیشان احمد صاحب آپ کی طرف کتاب راحت القلوب بھیج دی گئی ہے۔
﴾ شمارہ نمبر 45 میں عرفان اللہ عباسی کی بات بہت پسند آئی جو کہ حقیقت کی صورت ہے۔ اور ایک درخواست کہ آپ نے الطاہر اوپن فورم کو بند کیا، اگر اس کو جاری رکھتے تو اچھا ہوتا کیونکہ ہم جیسے طلبہ حضرات کو مضمون لکھنے میں طبعی آزمائی کا موقع ملتا ہے۔ حسین بخش بروہی طاہری ۔ سندھ یونیورسٹی جامشورو بھائی حسین بخش صاحب آپ اب بھی مضمون لکھ کر بھیج سکتے ہیں ہم خوش آمدید کہیں گے۔
﴾ میں رسالہ الطاہر بڑے شوق سے پڑھتا ہوں۔ پچھلی بار میں نے سوالوں کے جوابات بھیجے تھے اور گلہائے رنگ رنگ میں بھی لکھا تھا، لیکن اپنا بھیجا ہوا مواد نہ پاکر دلی دکھ ہوا کہ شاید اس بار بھی میری تحریر ردی کے حوالے ہوگئی۔ عبدالشکور خاصخیلی طاہری ۔ گوٹھ نوتانی بیلہ بھائی عبدالشکور صاحب آپ کا بھیجا ہوا مواد ہم کس طرح ردی کے حوالے کرسکتے ہیں۔ البتہ یہ ممکن ہے کہ مواد تاخیر سے پہنچنے کی صورت میں شایع ہونے سے رہ گیا ہو۔
﴾ شمارہ نمبر 45 پڑھ کر دل کو بڑی تسکین ملی اور قلبی ذکر تازہ ہوگیا۔ رسالہ کے تمام مضامین اپنی مثال آپ تھے۔ آپ سے گذارش ہے کہ برائے کرم رسالہ کو ماہانہ کردیں۔ ہومیو ڈاکٹر محمد اشرف ملک ۔ بھریا روڈ ڈاکٹر اشرف صاحب تعریف کا شکریہ۔ جہاں تک الطاہر کو ماہانہ بنانے کا سوال ہے تو اس سلسلے میں پیش رفت جاری ہے۔
﴾ شمارہ نمبر 45 کا مطالعہ کیا اور بہت خوشی ہوئی، لیکن عرض یہ ہے کہ عاجز نے شمارہ نمبر 45 کے لیے مضامین بھیجے تھے جن میں سے کوئی بھی شامل نہیں کیا گیا۔ برائے کرم مضمون شامل نہ کرنے کی وجہ بتائیں۔ سعید احمد طاہری ۔ عمر کوٹ بھائی سعید بوزدار صاحب! اتنی ناراضگی درست نہیں۔ باری آنے پر آپ کا مضمون شایع کیا جائے گا۔
﴾ بعد سلام عرض ہے کہ شمارہ نمبر 45 پڑھا، بہت خوشی ہوئی، اور عورت کے بارے میں ڈاکٹر صاحب کا مضمون ”عورت“ اور آپ کا مضمون ”تصوف و تزکیہ“ میں بیعت کے بارے میں پڑھ کر بہت خوشی ملی۔ آپ سے گذارش ہے کہ مقابلہ ذہنی آزمائش کے کوپن کی پچھلی سائیڈ کو صاف رہنے دیا کریں۔ محمد حفیظ طاہری ۔ وہاڑی
﴾ یہ عاجز بہت عرصے سے الطاہر رسالہ پڑھتا ہوا آرہا ہے، مگر کبھی لکھنے کی کوشش نہیں کی۔ اس مرتبہ یہ عاجز چند تحریریں لکھ کر بھیج رہا ہے، امید ہے کہ آپ ان تحریروں کو شایع کرکے مجھے شکریے کا موقع عنایت فرمائیں گے۔ بقایہ الطاہر رسالہ اپنی مثال آپ ہے۔ آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ الطاہر رسالے کو اور رسالے کی تمام ٹیم کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ اٰمین۔ محمد محبوب طاہری ۔ بلدیہ ٹاؤن کراچی
﴾ بعد سلام عرض ہے الطاہر رسالہ ملا اور پڑھ کر بہت ہی دل کو سکون ملا۔ خصوصاً درس قرآن سے کافی معلومات میں اضافہ ہوا۔ شاہ رخ بدر الدین ابڑو ۔ وکیل کالونی لاڑکانہ
﴾ سلام بعد عرض ہے کہ میں پہلی بار گلہائے رنگ رنگ میں کچھ لکھ کر بھیج رہا ہوں، میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ اس کو ضرور شایع کریں۔ اگر آپ یہ شایع نہیں کریں گے تو میں لیٹر لکھنے ہی چھوڑدوں گا۔ محمد عمران طاہری ۔ مسجد و مرکز روح الاسلام وہاڑی
﴾ شمارہ 45 پڑھا، خاص طور پر مضمون ”تصوف و تزکیہ“ جو اپنی مثال آپ تھا۔ جس سے معلومات میں کافی اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ مضمون ”جو میں نے دیکھا“ اس سے دل میں انقلاب برپا ہوا۔ آپ سے التماس ہے مہربانی فرماکر ”آپ کے مسائل اور ان کا حل“ لازمی شروع کریں تاکہ رسالے کو چار چاند لگ جائیں۔ فقیر شبیر نعمان طاہری ۔ ضلع ٹنڈو الہیار
﴾ جناب محترم ایڈیٹر صاحب پچھلے شمارے میں عاجز نے کراچی سے ”ذہنی آزمائش 72“ میں خط لکھا تھا، نام فقیر محمد محی الدین صدیقی کے بجائے فقیر محمد الدین شایع کیا گیا تھا۔ فقیر محمد محی الدین صدیقی ۔ گلشن حدید فیز۔2 کراچی بھائی محمد محی الدین صاحب اشاعت میں غلطی ہونے کی وجہ سے معذرت۔
﴾ شمارہ نمبر 45 پڑھنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ ماشاء اللہ تمام مضامین اچھے تھے، خاص طور پر ”جو میں نے دیکھا 2“ بہت پسند آیا۔ یہ بندہ آپ کی خدمت میں ایک مضمون ارسال کر رہا ہے، امید ہے کہ آپ اسے ضرور شایع کریں گے۔ فقیر محمد ظہیر اوٹھو طاہری ۔ جوائنٹ سیکریٹری ر۔ط۔ج ضلع نواب شاہ
|