فہرست الطاہر
شمارہ 48، ذیقعد 1428ھ بمطابق دسمبر 2007ع

گلہائے رنگ رنگ

 

عمل کا قلعہ

تین چیزیں عمل کے لیے بمنزلہ قلعہ کے ہیں۔

  • یہ خیال کرے کہ عمل کی توفیق اللہ کی جانب سے ہے تاکہ تکبر و غرور پیدا نہ ہو۔
  • ہر عمل کو اللہ کی رضا کے لیے کرے تاکہ نفس کی خواہش ٹوٹ جائے۔
  • عمل کا ثواب اور بدلہ صرف اللہ سے طلب کرے تاکہ قلب سے ریا اور طمع نکل جائے۔

مرسلہ: افسانہ طاہری پالاری ۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

سب سے بہتر انسان

کسی نے کہا ہے سب سے بہتر آدمی وہ ہے جس کے اندر پانچ باتیں ہوں۔

  • پروردگار کی عبادت کرنے والا ہو۔
  • مخلوق کے لیے نفع بخش اور فائدہ مند ہو۔
  • لوگ اس کے شر سے محفوظ ہوں۔
  • لوگوں کے پاس جو مال و دولت ہے اس سے ناامید ہو۔
  • موت کے لیے تیار ہو۔

مرسلہ: حسینہ طاہری پالاری ۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

تین چیزیں

  • تین چیزیں ہمیشہ یاد رکھیں: موت، احسان، نعمت۔
  • تین چیزوں کا ہمیشہ احترام کریں: والدین، استاد، قانون۔
  • تین چیزوں کے لیے ہمیشہ لڑیں: اسلام، ملک، حق۔
  • تین چیزوں کو ہمیشہ عزیز رکھو: ایمان، سچائی، نیکی۔
  • تین چیزوں کو ہمیشہ قابو میں رکھیں: زبان، غصہ، دل۔

مرسلہ: سیماں طاہری پالاری ۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

امتی

تو شاہ دو عالم کا گدا ہے کہ نہیں ہے
فطرت میں تیرے ذوق وفا ہے کہ نہیں ہے

کچھ سوچ تیرا رزق کہ آتا ہے کہاں سے
سرکار کی نسبت کا صلہ ہے کہ نہیں ہے

پہنچا جو قبر میں تو پوچھا نکیروں سے
بتاؤ اس دیس میں مدینے کی ہوا ہے کہ نہیں ہے

مرسلہ: ابو رضائے مصطفی سعید احمد بوزدار ۔ عمر کوٹ

 

فرمان حضرت عمر رضی اللہ عنہ

محتاجی اور غربت چار چیزوں سے آتی ہے۔

  • جلدی جلدی نماز پڑھنے سے۔
  • کھڑے ہوکر پانی پینے سے۔
  • منہ سے چراغ بجھانے سے۔
  • آستین اور دامن سے منہ صاف کرنے سے۔

مرسلہ: حافظ اکبر علی طاہری، عمرکوٹ

 

اقوال زریں

  • زبان اگرچہ تلوار نہیں مگر تلوار سے بھی زیادہ تیز ہے۔
  • بات اگرچہ تیر نہیں مگر تیر سے بھی زیادہ زخمی کرتی ہے۔
  • غصہ اگرچہ شیر نہیں مگر شیر سے بھی زیادہ خوفناک ہے۔
  •  نشہ اگرچہ سانپ نہیں مگر سانپ سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔
  • گناہ اگرچہ زہر نہیں مگر زہر سے بھی زیادہ مہلک ہے۔

مرسلہ: محمد عمران نثار طاہری، پیر مراد کالونی، وہاڑی

 

مسکراہٹ

میری پھوپھو سے مٹی کی ہنڈیا ٹوٹ گئی۔ پھوپھو نے دادی اماں کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے اسے ویسے ہی جوڑ کر رکھ دیا۔ جب دادی اماں نے ٹوٹی ہوئی ہنڈیا دیکھی تو پھوپھو سے پوچھا ہنڈیا کس نے توڑی ہے؟ پھوپھو کہنے لگی بلی توڑ گئی ہے۔ دادی اماں نے کہا اچھا! بلی اتنی چالاک تھی کہ توڑ کر پھر جوڑ بھی گئی۔

مرسلہ: نادیہ فرزند، پیر مراد کالونی، وہاڑی

 

اقوالِ بلہے شاہ

  • برے دوست کے ساتھ دوستی نہ کریں اور اپنے نسب کو دھبہ نہ لگائیں۔
  • کڑوے کنویں میٹھے نہیں ہوسکتے چاہے اس میں منوں گڑ ڈالیں۔
  • کوے کے بچے کبھی ہنس نہیں بنا کرتے چاہے تم ان کو موتیوں کی غذا کھلاتے رہو۔

مرسلہ: سعدیہ طاہری، خاص کری والا، تحصیل و ضلع جھنگ

 

دعا

حسرت الٰہی ہے میری سجنا کا ہر انداز دے

من میں اندھیرا ہے بہت چاہت کا نورِ ناز دے

مرا لُوں لُوں گائے سجن سائیں مجھے ایسا پیارا ساز دے

عشق سجن میں مٹ جاؤں مجھے درد عشق نواز دے

مرسلہ: مسز اعجاز، راولپنڈی

 

نصیحت

  • بیٹے کو علم اور ادب سکھاؤ۔
  • گذشتہ جنگ کو یاد نہ کرو۔
  • استاد کو بہترین باپ سمجھنا چاہیے۔

مرسلہ: محمد علی انگاریہ، ٹول پلازہ کراچی

 

سات کام

رسول کریم صلّی اللہ علیہ  وسلم نے فرمایا ”سات تباہ کردینے والے کاموں سے بچو“ وہ یہ ہیں

  • اللہ تعالیٰ کے ساتھ شریک کرنا۔
  • جادو کرنا۔
  • اس جان کو ہلاک کرنا جس کا ہلاک کرنا اللہ نے حرام کیا ہے۔
  • سود کھانا۔
  • یتیم کا مال ہڑپ کرنا۔
  • جنگ کے دن منہ موڑ کر بھاگ جانا۔
  • پاک دامن بھولی بھالی مومن خواتین پر تہمت لگانا۔

مرسلہ: سیما طاہری، دنبہ گوٹھ کراچی

 

مہکتی کلیاں

  • آنکھ والا وہ ہے جو اپنے آپ کو دیکھے۔
  • معافی نہایت اچھا انتقام ہے۔
  • دل ایک آئینہ ہے، اگر وہ برائی سے پاک ہو تو خدا بھی نظر آسکتا ہے۔

مرسلہ: سائرہ طاہری، دنبہ گوٹھ، کراچی

 

رحم کرنے والا

  • جو رحم نہیں کرتا اس پر رحم نہیں کیا جاتا۔
  • تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا۔

مرسلہ: صوبیہ طاہری، دنبہ گوٹھ کراچی

 

فاقہ تنگدستی اور بیماری کے اسباب

  • مہمانوں کو حقارت کی نظر دیکھا۔
  • کھڑے ہوکر کھانا۔
  • ننگے سر کھانا۔
  • نماز قضا کرنا۔
  • نامحرم عورتوں کو دیکھنا۔
  • صبح کے وقت سونا۔
  • ننگے سر بیت الخلا میں جانا۔
  • اہل و عیال سے لڑتے رہنا۔
  • فقیر کو جھڑکنا۔
  • قرآن مجید کو بے وضو ہاتھ لگانا۔
  • جوتے پہن کر کھانا کھانا۔
  • کھانے کے برتن کو صاف نہ کرنا۔
  • بزرگوں کے آگے چلنا۔
  • اولاد کو گالی دینا۔
  • مغرب کے بعد سونا۔
  • بغیر بسم اللہ کے کھانا کھانا۔
  • مسجد میں دنیا کی باتیں کرنا۔
  • دروازے پر بیٹھے کی عادت۔
  • جھوٹ بولنا۔

مرسلہ: فقیر شہباز احمد

 

سب سے پہلے

  • سب سے پہلے نماز فجر حضرت آدم علیہ السلام نے ادا کی۔
  • سب سے پہلے نماز ظہر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ادا کی۔
  • سب سے پہلے نماز عصر حضرت عزیر علیہ السلام نے ادا کی۔
  • سب سے پہلے نماز مغرب حضرت داؤد علیہ السلام نے ادا کی۔
  • سب سے پہلے نماز عشاء حضرت موسیٰ علیہ السلام نے ادا کی۔
  •  سب سے پہلے نماز جمعہ حضرت محمد صلّی اللہ علیہ  وسلم نے ادا کی۔
  • سب سے پہلے نماز عیدالفطر حضرت محمد صلّی اللہ علیہ  وسلم نے ادا کی۔
  • سب سے پہلے نماز عیدالاضحی حضرت محمد صلّی اللہ علیہ  وسلم نے ادا کی۔

مرسلہ: مدثر نذیر چیمہ، الطاہر اسکول، دوکوٹہ میلسی وہاڑی

 

خدا تک پہنچنے کے راستے

اگرچہ خدا تک پہنچنے کے بہت سے راستے ہیں مگر ان تمام راستوں کا مآل یہ تین راستے ہیں۔

  • عام مؤمنین کا راستہ یعنی کثرت سے نماز پڑھنا، روزہ، قرآن مجید کی تلاوت اور حج وغیرہ جو ظاہر سے تعلق رکھتا ہے۔
  • ابرار کا راستہ اور وہ تبدیل اخلاق، تزکیہ نفس، تصفیہ قلب، وغیرہ کا ہے جو باطن سے تعلق رکھتا ہے۔
  • مقربوں کا راستہ۔ یہ لوگ عشق الٰہی کے جذبہ کے پروں سے عالم قرب کی ہوا میں اڑتے ہیں۔ اس راستہ میں ایک لمحہ میں جو چیز حاصل ہوتی ہے وہ دوسرے راستوں میں کئی سالوں میں حاصل نہیں ہوتی۔

مرسلہ: یاسمین طاہری، دنبہ گوٹھ کراچی

 

لطیفہ

ایک مریض گلے کے کامیاب آپریشن کے بعد ہوش میں آیا تو سب سے پہلے پاس کھڑی نرس سے پانی مانگا۔ نرس نے مریض سے پوچھا ”کیا آپ کو زیادہ پیاس لگی ہے“۔

مریض نے جواب میں کہا ”جی نہیں میں تو صرف پانی سے یہ دیکھا چاہتاہوں کہ کہیں میرا گلا لیک (Leak) تو نہیں کر رہا ہے“۔

مرسلہ: فقیر مسعود عارف طاہری نقشبندی

 

قیمتی زیور

  • دعا نہ مانگنے والے ہاتھ ایک ایسے خشک ریگستان کی مانند ہوتے ہیں، جہاں پانی کی ایک بوند برسائے بغیر بادل تیزی سے گذر جاتے ہیں اور ریگستان پیاسا رہ جاتا ہے۔
  • وقت ایک ایسا خاموش سمندر ہے جو انسان کی سسکتی، تڑپتی آرزؤں اور خواہشوں کو نگل جاتا ہے۔ اگر اسے زبان مل جائے تو اس کی بازگشت سے دنیا میں کہرام مچ جائے۔

مرسلہ: سید مشتاق علی شاہ طاہری، میر شاہ محمد گوٹھ، ٹنڈوالہیار

 

مسکرائیے

ایک بیوقوف دوسرے بیوقوف سے ”اگر کوئی ہاتھی درخت پر چڑھ جائے اور اتر نہ سکے تو کیا کرنا چاہیے؟“

دوسرا بیوقوف ”اس کو چاہیے کہ کسی پتے پر بیٹھ کر خزاں کا انتظار کرے“۔

مرسلہ: انور علی مستوئی، ٹنڈو الہیار

 

شگوفہ

ایک اندھا جانوروں کے گوشت کو چھوتے ہی پہچان لینے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتا تھا۔ ایک روز قصاب کی دکان پر گیا اور گوشت کو ہاتھ سے چھوکر بولا یہ بھیڑ کا گوشت، پھر دوسرے گوشت کو چھو کر کہا یہ بکرے کا ہے اور یہ گائے کا ہے۔ قصاب حیران رہ گیا۔ پھر اسے شرارت سوجھی، اس نے قمیض کھسکا کر اندھے کا ہاتھ پیٹ پر رکھتے ہوئے پوچھا بھلا یہ کس کا گوشت ہے؟

”ہت تیرے کی“، اندھے نے ڈانٹا۔ ”تم گدھے کا گوشت بھی بیچتے ہو“۔

مرسلہ: آنسہ شوکت طاہری، ڈالمیاں نیوی کالونی کراچی

 

اقوال زریں

  • اچھی صورت کے مقابلے میں اچھی سیرت کا مقام بلند ہوتا ہے۔
  • بری صحبت سے تنہائی بہتر ہے۔

مرسلہ: رضوان علی، مرکز ٹول پلازہ کراچی

 

الرحمٰن

الرحمٰن کا لفظ قرآن کریم میں اسم اللہ کے متبادل کے طور پر آیا ہے۔ اور یہ اللہ رب العزت کی صفت ہے۔ یعنی رب کا صفاتی نام ہے جس کی معنیٰ یہ ہے کہ ”وہ ذات جو اپنے بندوں پر بہت ہی زیادہ کرم کرنے والی ہو بلکہ بے حد مہربان ہو“۔ یہ نام اللہ رب العزت کے لیے ہی مخصوص ہے، کوئی اور ذات اس نام اور اس تعریف کی مستحق نہیں ہوسکتی۔

مرسلہ: محمد محی الدین صدیقی، گلشن حدید فیز 2، کراچی

 

اقوال حضرت علی رضی اللہ عنہ

  • لوگوں کے سامنے کسی کو نصیحت مت کرو۔
  • کسی کے گرنے پر خوشی مت مناؤ کیا معلوم کل تیرے ساتھ کیا پیش آئے۔
  • شریف کی کسی غلطی کو دیکھ کر اس سے نفرت نہ کرو اور شریر کی کوئی اچھی بات دیکھ کر دھوکا نہ کھاؤ۔

مرسلہ: فریدہ طاہری، دنبہ گوٹھ کراچی

 

مسکرائیں ذرا کھل کے

ایک آدمی لائبریری سے صرف مولانا حالی کی کتابیں لیا کرتا تھا۔ ایک بار لائبریرین نے کہا آپ کو حالی کی کتابیں پسند ہیں؟ وہ آدمی بولا ایسی کوئی بات نہیں، دراصل مجھے ایک بار حالی کی کتاب سے سو روپے کا نوٹ ملا تھا۔

مرسلہ: ’ط‘ طاہری، لاڑکانہ

 

اقوال زریں

  • نیک آدمی جب علم سیکھتا ہے تو انکساری سے جھک جاتا ہے اور بدفطرت جب علم سیکھتا ہے تو تکبر سے اکڑ جاتا ہے۔ (حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ)
  • کامل انسان وہ ہے جس سے اس کے دشمن بھی بے خوف ہوں۔ (سقراط)
  • جو قوم بھی لالچ میں پڑی، وہ ذلت کے گڑھے میں جاگری۔ (گوتم بدھ)
  • دنیا میں کامیابی عمل کا نتیجہ ہے اور عمل کے لیے پہلی چیز امید ہے۔ (مولانا ابوالکلام آزاد)

مرسلہ: ’ط‘ طاہری، لاڑکانہ

 

حضرت عیسیٰ علیہ السلام

  • حضرت عیسیٰ علیہ السلام بغیر باپ کے پیدا ہوئے۔
  • حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی والدہ کا نام بی بی مریم رضی اللہ عنہا ہے۔
  • قرآن مجید میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا 11 سورتوں میں ذکر کیا گیا ہے۔
  • حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر آسمانی کتاب انجیل نازل کیا گیا تھا۔
  • حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو چار معجزے عطا کیے گئے تھے۔
  • حضرت عیسیٰ علیہ السلام ولادت کے بعد جلد ہی ڈولی میں لوگوں سے بات چیت کرنے لگے تھے۔

مرسلہ: فقیر محمد افتخار طاہری، غریب آباد لاڑکانہ

 

رسول اللہ صلّی اللہ علیہ  وسلم کی پیاری باتیں

  • دوستی: سچائی پر قائم رہو، سچائی میں نجات ہے۔
  • امانتداری: جس شخص میں امانتداری نہیں اس میں ایمان نہیں ۔
  • پرہیزگاری: اللہ تعالیٰ کے نزدیک باعزت وہ ہے جو سب سے زیادہ پرہیز گار ہے۔

مرسلہ: ماجد خان راجپوت، بھریا روڈ

 

مسکراہٹ

  • مسکراہٹ سے چہرے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔
  • مسکراہٹ دل کی کیفیت کا اظہار کرتی ہے۔
  • مسکراہٹ خوبصورتی کی علامت اور خوبصورتی زندگی کی علامت ہے۔
  • دوسرے سے مسکرا کے پیش آنا سب سے بڑی نیکی ہے۔

مرسلہ: عرفان اقبال راجپوت، یاسین کالونی بھریاروڈ

 

وضو کی برکت

سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ  وسلم نے فرمایا ”اپنے جسموں کو پاک کیا کرو، اللہ تعالیٰ تمہیں گناہوں سے پاک کرے گا۔ جو مسلمان وضو کرکے سوتا ہے ایک فرشتہ اس کے کپڑوں اور بدن کے درمیان رات بسر کرتا ہے۔ جب بندہ پہلو بدلتا ہے فرشتہ اس کے لیے یوں دعا کرتا ہے کہ اے اللہ اپنے بندے کو معاف کردے کیونکہ وہ باوضو ہوکر سویا ہے“۔

مرسلہ: فریدہ طاہری، دنبہ گوٹھ کراچی

 

10 رہنما اصول

  • زندگی بسر کرو خوشی کے ساتھ
  • علم سیکھو شوق کے ساتھ
  • عاقبت سنوارو عبادت کے ساتھ
  • کسی کے کام آؤ خلوص کے ساتھ
  • کاروبار کرو دیانت کے ساتھ
  • خدا سے مانگو عاجزی کے ساتھ
  • بچوں کی پرورش کرو رزق حلال کے ساتھ
  • مصیبت جھیلو حوصلے کے ساتھ
  • مزدوری کماؤ عزت کے ساتھ
  • تنقید سنو فراخ دلی کے ساتھ

مرسلہ: فقیر بدر حسین طاہری

 

بہتر زندگی گذارنے کے اصول

  • خوش رہنے کے لیے یہ سوچیں کہ دوسروں کو خوش کیسے کیا جائے۔
  • تھکنے سے پہلے آرام کیجیے اور اپنی عمر بڑھائیے۔
  • رات کو سونے سے پہلے اگلے دن کا پروگرام بنالیں۔
  • زندگی میں کامیابی کے لیے رات جلد سونا اور صبح سویرے اٹھنا اشد ضروری ہے۔
  • اپنی خوراک اور اس کے اوقات کا خاص خیال رکھیں۔
  • غصے کو اپنے اوپر سوار نہ ہونے دیں کیونکہ اس حالت میں عقل رخصت ہوجاتی ہے۔
  • جھوٹ سے پرہیز کریں کیونکہ جھوٹ بول کر انسان کو ہمیشہ یہ فکر لگی رہتی ہے کہ نہ جانے کب اس کا جھوٹ پکڑا جائے۔

مرسلہ: گل ناز لاڑک، پنجوڈیرو

 

اقوال حضرت علی رضی اللہ عنہ

  • خبردار تم میں سے کوئی شخص اللہ کے علاوہ کسی سے امید نہ رکھے اور اپنے گناہوں کے علاوہ کسی سے نہ ڈرے۔
  • جب تم سے کسی چیز کے بارے میں سوال کیا جائے اور تم اس چیز یا معاملے کے بارے میں لاعلم ہو تو پوچھنے اور سیکھنے میں شرم محسوس نہ کرنا۔
  • علم کی وجہ سے دوستوں میں اضافہ ہوتا ہے اور دولت کی وجہ سے دشمنوں میں۔
  • علم بانٹنے سے بڑھتا ہے جبکہ دولت بانٹنے سے گھٹتی ہے۔

مرسلہ: زین العارفین انصاری طاہری، گلشن اقبال کراچی

 

انتقال پرملال

حضور قبلہ عالم محبوب سجن سائیں کے استاد علامہ محمد نواز بروہی اور مشہور نعت خواں خلیفہ حاجی نوازیل طاہری صاحب کے بھائی محترم محمد حسن بقضائے الٰہی انتقال فرما گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ ادارہ اس موقعہ پر پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔