فہرست الطاہر
شمارہ 52، رمضان المبارک 1429ھ بمطابق ستمبر 2008ع

گلہائے رنگ رنگ

 

فرمان رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم

  • فرائض کی نگہداشت رکھو (اس بات کا خیال رکھو کہ فرائض بہتر سے بہتر شکل میں ادا ہوں) یہ سب سے بڑا جہاد ہے۔
  • لوگوں پر ہمیشہ بھلائی اور خیر سایہ فگن رہے گی جب تک وہ باہم حسد نہ کریں۔
  • جس نے غصہ کو روک لیا اللہ تعالیٰ اس سے اپنے عذاب کو روک لیتا ہے۔ اور جو اپنی زبان کو قابو میں رکھتا ہے اللہ اس کے عیوب کو چھپا لیتا ہے۔
  • بدمزاجی کام کو اس طرح سے خراب کردیتی ہے جیسے سرکہ شہد کو۔

مرسلہ: یاسمین طاہری۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

زندگی کی ڈش

دنیا ایک ہنڈیا کی طرح ہے۔ اس میں مٹر کے دانوں کی طرح خلوص کے موتی بھی ہیں۔ ٹماٹر کی طرح سرخ پھول، شلجم کی طرح ننھی کلیاں اور دھنیے پودینے کی طرح ہری ہری گھاس ہے۔ یہاں گاجروں کی طرح میٹھے دوست ہیں اور کڑوے کریلے کی طرح دشمن بھی لیکن انسان کو پالک کی طرح سب کے ساتھ مل کر رہنا چاہیے۔ دنیا ایک پیاز ہے جس میں آنسوؤں کی لڑیاں اور خوشبو ہے اس لیے ہمیں بھی آپس میں سادگی اور پیار سے رہنا چاہیے۔

مرسلہ: محمد وسیم طاہری نقشبندی۔ مہاجر کیمپ کراچی

 

انمول موتی

  • جس پر نصیحت اثر نہ کرے وہ جانے کہ میرا دل ایمان سے خالی ہے۔ (حضرت غنی عثمان رضی اللہ عنہ)
  • دوسروں کا بوجھ اٹھانا عابدوں کی عزت کا تتمہ ہے۔  (حضرت غنی عثمان رضی اللہ عنہ)
  • اولیاء اللہ کے پاس خاک بن کر جاؤ۔  (حضرت عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ)
  • سب سے بلند تقویٰ تواضع ہے۔  (حضرت یحییٰ معاذ الرازی رحمۃ اللہ علیہ)

مرسلہ: حافظ ثناء اللہ طاہری پالاری۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

حضرت ابراہیم علیہ السلام

  • حضرت ابراہیم علیہ السلام کے والد کا نام تارخ تھا۔
  • حضرت ابراہیم علیہ السلام بابل میں پیدا ہوئے۔
  • حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پیدائش کے وقت آپ کے والد کی عمر 57 برس تھی۔
  • سب سے پہلے کلی اور مسواک حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کی۔
  • سب سے پہلے منبر پر خطبہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دیا۔

مرسلہ: عدنان علی طاہری پالاری۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

سب سے عظیم

  • سب سے عظیم نام اللہ تعالیٰ کا ہے۔
  • سب سے عظیم انسان حضرت محمد صلّی اللہ علیہ وسلم ہیں۔
  • سب سے عظیم مسجد نبوی صلّی اللہ علیہ وسلم ہے۔
  • سب سے عظیم قوم مسلمان ہے۔
  • سب سے عظیم دعوت اذان کی ہے۔
  • سب سے عظیم مذہب اسلام ہے۔
  • سب سے عظیم اجتماع حج مبارک ہے۔
  • سب سے عظیم پیر محبوب سجن سائیں ہیں۔

مرسلہ: سیما طاہری۔۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

ہنسنا منع ہے

ایک خاتون گورنر کے پاس گئی اور کہا ’’جناب میرا شوہر جیل میں قید ہے اسے چھوڑ دیجئے۔ اسکی باقی سزا معاف کردیجئے۔‘‘

گورنر نے پوچھا ’’تمہارا شوہر کس جرم میں قید ہے؟

خاتون نے بتایا ’’گوشت چرانے کے جرم میں‘‘

گورنر نے پوچھا ’’کیا وہ تمہارے ساتھ اچھا سلوک کرتا تھا؟‘‘

خاتون بولی ’’نہیں۔۔۔ وہ بہت ظالم ہے ہر وقت مجھے مارتا پیٹتا رہتا تھا‘‘

گورنر نے حیرت سے پوچھا ’’پھر تم اسے کیوں رہا کرانا چاہتی ہو‘‘

خاتون بولیں ’’دراصل ہمارے گھر میں گوشت ختم ہوگیا ہے جناب‘‘

مرسلہ: غلام رسول قمبرانی طاہری۔

 

معرفت

حضرت سری سقطی قدس سرہ کی کنیت ابو الحسین تھی۔ آپ فرماتے ہیں ’’معرفت اوپر سے اترتی ہے جس طرح جانور اڑتا ہے یہاں تک کہ جس دل میں شرم و حیا دیکھتی ہے اس میں اترتی ہے۔‘‘

مرسلہ: واصف اللہ طاہری۔ ماشوگگر پشاور

 

اقوال زریں

  • برے لوگوں کے ساتھ بیٹھنے سے بہتر ہے تنہائی میں بیٹھنا۔ (حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ)
  • شرافت افعال و اعمال کی عمدگی سے ظاہری ہوتی ہے۔  (حضرت علی رضی اللہ عنہ)
  • غرور سے آدمی کا دین ضایع ہوجاتا ہے۔ (حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ)
  • بخیل ہمیشہ ذلیل ہوتا ہے۔ (حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ)
  • ملازم سے اپنا راز کہنا اسے ملازم سے مالک بنالینا ہے۔ (ارسطو)

مرسلہ: پروین طاہری۔۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

میری ماں کو سلام

جب اللہ تعالیٰ نے ماں کو بنایا تو فرشتوں کو حکم دیا کہ چاندی کی ٹھنڈک، شبنم کے آنسو، بلبل کے نغمے، چکوری کی تڑپ، گلاب کے رنگ، پھول کی خوشبو، کوئل کی کوک، سمندر کی گہرائی، دریاؤں کی روانی، موجوں کا جوش، کہکشاؤں کی رنگینی، زمین کی چمک، صبح کا نور اور آفتاب کی تمازت کو جمع کیا جائے تاکہ ماں کی تخلیق کی جائے۔ جب ماں کو اللہ تعالیٰ نے بنایا تو فرشتوں نے پوچھا اے مالک دوجہاں تونے اسمیں اپنی طرف سے کیا شامل کیا اللہ رب العزت نے فرمایا ’’محبت‘‘

مرسلہ: فریدہ طاہری۔۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

باتوں سے خوشبو آئے

  • اگر تم اللہ کی عبادت نہیں کرسکتے تو پھر گناہ بھی مت کرو۔
  • نیکی کرنے میں دیر نہ کرو اور بدلہ لینے میں جلدی نہ کرو۔
  • سنی سنائی باتوں پر فیصلہ کرنا کم عقلی کی نشانی ہے۔
  • کتابیں انسان کی بہترین ساتھی ہیں کیونکہ یہ بے وفا نہیں ہوتیں۔
  • بات کرنے والے کو نہ دیکھو بات کو دیکھو۔

مرسلہ: زاہدہ طاہری۔۔ ٹنڈوالہیار

 

معلومات

  • تاج محل 10 سال کے عرصے میں تعمیر ہوا۔
  • غار ثور میں پہلے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ داخل ہوئے۔
  • براعظم آسٹریلیا کا رقبہ 3966902 مربع کلومیٹر ہے۔
  • حفیظ جالندھری کا انتقال 22 دسمبر 1982ء میں ہوا۔
  • حنا جھیل کوئٹہ سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

مرسلہ: غلام مصطفی پالاری طاہری۔۔ ٹنڈوالہیار

 

حقیقی محبت کیا ہے؟

  • حقیقی محبت یہ ہے کہ محبوب کی محبت کے سوا ہر قسم کی محبت دل سے دور ہوجائے۔
  • حقیقی محبت یہ ہے کہ انسان یہ بات بھول جائے کہ اللہ کے ہاں اسکا کتنا حصہ ہے اور اللہ کی طرف سے اسکی کتنی حاجتیں ہیں۔
  • محبت دل میں ایک ایسی آگ ہوتی ہے جو محبوب کی مراد کے سوا سب کچھ جلادیتی ہے۔
  • حضرت بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں ’’محبت یہ ہے کہ اپنی کثیر چیز کو قلیل اور محبوب کی قلیل چیز کو کثیر سمجھا جائے‘‘

مرسلہ: محمد عظیم طاہری۔۔ حب سٹی لسبیلہ

 

چار باتیں

  • لوگ چار باتوں میں اللہ کی موافقت کرتے ہیں لیکن عمل میں مخالفت۔
  • کہتے ہیں کہ ہم اللہ کے بندے ہیں مگر عمل آزادوں جیسا کرتے ہیں۔
  • کہتے ہیں کہ اللہ ہمارے رزق کا کفیل ہے مگر ان کے دنیا کی چیزوں سے مطمئن ہیں۔
  • کہتے ہیں کہ آخرت سے دنیا بہتر ہے مگر دنیا کے لیے مال جمع کرتے ہیں اور آخرت کے لیے گناہ کو۔
  • کہتے ہیں کہ ہم بالضرور مرنے والے ہیں لیکن عمل ایسے کرتے ہیں گویا کبھی مرنا نہیں۔

مرسلہ: حافظ محمد انور قمبرانی طاہری۔ نوتانی گوٹھ بیلہ

 

سنہرے الفاظ

انسان کی خاطر اللہ نے شیطان کو دور کردیا شیطان کی خاطر انسان اللہ سے دور ہوگیا۔

اپنی ہار پر افسوس مت کرو، کیونکہ تمہاری ہار ہی کسی کی جیت کا باعث بنتی ہے۔

مرسلہ: غلام فاروق رونجہ۔۔ نوتانی گوٹھ بیلہ بلوچستان

 

جنت میں نیند نہیں ہوگی

امام ابی حاتم ابن مرویہ اور بیہقی نے عبد اللہ بن اوفیٰ سے روایت نقل کی ہے ایک آدمی نے عرض کیا یا رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم نیند ایک ایسی چیز ہے جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ ہمیں دنیا میں قرار عطا کرتا ہے۔ کیا جنت میں بھی نیند ہوگی؟

فرمایا ’’نہیں نیند موت کے ساتھ ہے جب کہ جنت میں موت نہیں‘‘

عرض کیا یا رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم پھر ان کو راحت کیسے ہوگی؟

نبی کریم صلّی اللہ علیہ وسلم نے اس سوال کو ناگوار جانا اور فرمایا ’’اس میں کوئی تھکاوٹ نہیں ہوگی ان کا تمام امر باعث راحت ہے‘‘

مرسلہ: زاہد علی بھٹی۔۔ الصادق کالونی مورو

 

معلوماتی خزانہ

دنیا کا پہلا ریڈیو اسٹیشن جیمس مورڈ میں قائم ہوا۔

رنگین ٹیلی وژن کا آغاز 1953ء میں ہوا۔

دنیا کا سب سے بڑا پارک کینیڈا میں ہے۔

افغانستان ایسا ملک ہے جہاں ریلوے کا نظام نہیں۔

انسانی جسم میں کل 206 ہڈیاں ہیں۔

دنیا میں سب سے زیادہ جھونپڑیاں برازیل میں ہیں۔

مرسلہ: پیر بخش۔۔ رودینی بلوچستان

 

اقوال حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ

  • تاریکیاں پانچ ہیں اور اس کے لیے روشنیاں بھی پانچ ہیں۔
  • دنیا کی محبت ایک تاریکی ہے اور اس کے لیے روشنی تقویٰ ہے۔
  • گناہ ایک تاریکی ہے اور اس کے لیے روشنی توبہ ہے۔
  • قبر ایک تاریکی ہے اور اس کے لیے روشنی لاالٰہ الا اللہ ہے۔
  • آخرت ایک تاریکی ہے اور اس کے لیے روشنی نیک عمل ہیں۔
  • برے لوگوں کے ساتھ بیٹھنے سے تنہائی بہتر ہے۔

مرسلہ: محمد کریم پنہور طاہری۔۔ مرکز ٹول پلازہ کراچی

 

حضور اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

  • ایک ساعت انصاف برسوں کی عبادت سے بہتر ہے۔
  • امانت سے رزق بڑھتا ہے خیانت سے افلاس لازم آتا ہے۔
  • وہ شخص کامل مؤمن نہیں ہوسکتا جو خود پیٹ بھر کر کھائے لیکن اس کا ہمسایہ بھوکا رہے۔

مرسلہ: شہاب الدین پیرزادہ طاہری۔۔ حب چوکی

 

ارشادات نبوی صلّی اللہ علیہ وسلم

  • جوشخص بڑوں کی تعظیم اور چھوٹوں پر شفقت نہ کرے وہ میری امت میں سے نہیں ہے۔
  • جس شخص نے اپنی زبان اور شرمگاہ کو قابو میں رکھا میں اس کے واسطے جنت کا ضامن ہوں۔

مرسلہ: رضوان علی آرائیں۔۔ مرکز ٹول پلازہ کراچی

 

شاید آپ کو معلوم ہو

  • جاپان میں خواتین کے لباس کو کیمونو کہا جاتا ہے۔
  • جاپان کے قومی ترانے کا نام گیمبی گایو ہے۔
  • لندن کی زیر زمین ریلوے کو ٹیوب کہا جاتا ہے۔

مرسلہ: دلاور خان مستوئی۔ مستوئی کالونی ٹنڈوالہیار

 

اقوال زریں

کسی کے خُلق پر اعتماد نہ کرو تاوقتیکہ غصہ کے وقت اسے نہ دیکھ لو۔ (حضرت عمر رضی اللہ عنہ)

جو شخص خدا سے محبت کرتا ہے وہ تنہائی سے محبت رکھتا ہے۔ (حضرت عثمان رضی اللہ عنہ)

صبر ایک ایسی سواری ہے جو کبھی بھی بھٹکتی نہیں۔ (حضرت علی رضی اللہ عنہ)

اگر تم کمزور کو کچھ دے نہیں سکتے تو ان کے ساتھ مہربانی کے ساتھ پیش آؤ۔ (حضرت علی رضی اللہ عنہ)

مرسلہ: حافظ عبدالقیوم افضل طاہری۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

ہمارے پیارے نبی اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

  • مسلمان مسلمان کا بھائی ہے۔ (صحیح البخاری)
  • مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھوں اور زبان کے شر سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ (صحیح المسلم)
  • جوشخص مجھ پر ایک بار درود پڑھتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے اور دس درجے بلند فرماتا ہے اور دس گناہ معاف فرمادیتا ہے۔ (المشکوٰۃ)

مرسلہ: زبیر احمد سومرو طاہری۔ صفورہ گوٹھ کراچی

 

سات چیزیں سیر نہیں ہوتیں

  • آنکھ دیکھنے سے
  • زمین بارش سے
  • عالم علم سے
  • سائل سوال سے
  • دریا پانی سے
  • آگ لکڑیوں سے
  • حریص جمع مال سے

مرسلہ: علی مراد طاہری۔۔ مرکز ٹول پلازہ کراچی

 

سچے موتی

  • کسی سے محبت نہیں کرسکتے تو کسی سے نفرت بھی نہ کرو۔
  • شہرت قربانی سے ملتی ہے دھوکے سے نہیں۔
  • دوسروں کی برایوں سے پہلے اپنی برایوں پر نظر ڈالیں۔
  • دشمن سے ایک بار اور دوست سے ہزار بار ڈریں۔
  • محبت مسکراہٹ سے شروع اور آنسوؤں پر ختم ہوتی ہے۔
  • کسی کو اتنا بھی نا چاہیں کہ اسکی جدائی آپ کے لیے دکھ کا سبب بن جائے۔

مرسلہ: گل ناز لاڑک۔۔ پنجوڈیرو

 

مزاحیہ اشعار

  • اپنے جوتوں کو نہ پاکر شیخ فرمانے لگے
  • بھائیو ڈھونڈو یہیں ہوں گے یہاں مل جائیں گے
  • آئی مجمع سے صدا جب عاقبت پر ہے یقین
  • ایک جوتے کے عوض ستر وہاں مل جائیں گے

مرسلہ: سید علی شاہ طاہری۔۔ پشاور سرحد

 

باتوں سے خوشبو آئے

  • جو تمہارے متعلق اچھا گمان رکھے اسکے گمان کو سچ ثابت کرو۔
  • منزل کی دوری سے گھبرانے سے بہتر ہے کہ کچھوے کی طرح رینگتے رہو۔
  • سورج سے سبق سیکھنا ہے تو اسے ڈوبتے ہوئے دیکھو کیونکہ یہ طلوع بھی ہوگا۔

مرسلہ: عبدالشکور خاصخیلی طاہری۔ میرشاہ محمد گوٹھ ٹنڈوالہیار

 

ماں

  • ماں سے بڑھ کر کوئی بڑا استاد نہیں۔
  • ماں کے منہ سے نکلی ہوئی دعا خداتعالیٰ قبول فرماتا ہے۔
  • ماں وہ ہستی ہے جس کے قدموں تلے جنت ہے۔
  • ماں غم اور تکلیف کا مرہم ہے۔

مرسلہ: محمدحسن بروہی۔۔ گڈاپ ٹاؤن کراچی

 

علم

  • علم ایسا پھول ہے جو جتنا کھِلتا ہے اتنا ہی خوشبو دیتا ہے۔
  • سب سے زیادہ جاہل وہ ہے جو گناہ سے باخبر ہوتے ہوئے بھی گناہ کرے۔
  • زیادہ کاموں میں سب سے پہلے اسی کام کو ہاتھ میں لو جو سب سے اہم ہو۔
  • ایماندار تاجدار عابد سے بہتر ہے کیونکہ تجارت میں امانت سخت مشکل ہے۔
  • عالم جہل کو جہالت سمجھتا ہے اور جاہل علم کو۔

مرسلہ: نبی بخش دودا طاہری۔ مرکز ٹول پلازہ کراچی

 

اشعار

  • تو میری ذات کا مالک ہے بخش دے مجھ کو
  • حساب مجھ سے نہ ہوگا میری خطاؤں کا
  • دیکھ کر حشر میں فہرست میرے عصیاں کی
  • اس کی رحمت نے بڑے غور سے دیکھا مجھ کو
  • دینے والے تجھے دینا ہے تو اتنا دے دے
  • کہ مجھے شکوۂ کوتاہیٔ داماں ہوجائے
  • حسن بھی اب تو ٹھہرتا نہیں معیار نظر
  • آدمی شان خدا ہے توخداکیا ہوگا

مرسلہ: سید عاصم اللہ شاہ۔۔ پشاور سرحد

 

دوستی

  • دوست بناتے وقت پہلے اپنے اندر ایک قبرستان تعمیر کرلو تاکہ اس کی برائیاں دفن کرسکو۔
  • وہ دوستی کیا جو وقت کا خون کرے بلکہ ایسا دوست تلاش کرو جسکی لطافت سے وقت زندہ ہوجائے۔
  • دوستی تمہیں یہ اختیار نہیں دیتی کہ اپنے آپ اپنے دوستوں کو برے لفظوں سے یاد کرو۔

مرسلہ: صدام علی طاہری۔۔ پتھر کالونی حب بلوچستان

 

بیکار ہے۔۔۔۔

  • بیکار ہے وہ دولت جس میں سخاوت نہیں ہے۔
  • بیکار ہے وہ عدالت جس میں عدل نہیں ہے۔
  • بیکار ہے وہ قوم جس میں اتفاق نہیں ہے۔۔
  • بیکار ہے وہ انسان جس میں علم نہیں ہے۔
  • بیکار ہے وہ دل جس میں رحم نہیں ہے۔

مرسلہ: اسد عالم کنبھار۔۔ درگاہ اللہ آباد شریف کنڈیارو

 

کتے کی خصلتیں

  • حضرت خواجہ حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ کتے میں دس بڑی عمدہ خصلتیں ہیں۔
  • وہ بھوکا رہتا ہے۔ یہ آداب صالحین سے ہے اور تھوڑی چیز پر قناعت کرتا ہے یہ علامت صابرین سے ہے۔
  • اس کا کوئی مکان نہیں ہوتا یہ علامت متوکلین سے ہے۔
  • وہ رات کو بہت ہی کم سوتا ہے یہ صفات شب بیداری ہے اور علامات محبین میں سے ہے۔
  • جب مرتا ہے تو کوئی میراث نہیں چھوڑتا یہ صفات زاہدین میں سے ہے۔
  • یہ اپنے مالک کو نہیں چھوڑتا گو وہ اس پر جفا کرے اور اس کو مارے یہ علامت مریدان صادقین سے ہے۔
  • ادنیٰ جگہ پر راضی ہوجاتا ہے یہ علامت متواضعین سے ہے۔
  • اس کی جائے رہائش پر کوئی غالب آجاتا ہے تو اس کو چھوڑدیتا ہے اور دوسری جگہ چلاجاتا ہے۔ یہ نشان راضیین سے ہے۔
  • اس کوماریں پھر ٹکڑا ڈالیں تو فوراً آجاتا ہے مارکاکینہ نہیں رکھتا یہ علامت خاشعین سے ہے۔
  • کھانا سامنے رکھا ہوا دیکھتا ہے تو دور بیٹھا ہوا تکتا ہے یہ علامت مساکین سے ہے۔
  • کسی مکان سے کوچ کرجاتا ہے تو پھر اس کی طرف التافات نہیں کرتا یہ علامت مخرونین سے ہے۔

مرسلہ: حافظ عبدالشکور خاصخیلی۔۔ بیلہ بلوچستان

 

معلومات

دنیا کی سب سے بڑی کتاب برٹش میوزیم لندن میں ہے اسکے اوراق کی لمبائی تقریبا چھے فٹ اور چوڑائی سوا تین فٹ ہے اسکی جلد آٹھ بکریوں کی کھال سے تیار کی گئی تھی۔

مراکش کا ایک ایسا حکمران تھا 888 بچوں کا باپ تھا اس کا نام شاہ مولائے اسماعیل تھا اس دور حکومت میں ایک ایسی رجمنٹ تھی جسمیں 540 سپاہی تھے اور یہ تمام اس کے بیٹے تھے۔

ایڈیسن ایک عظیم موجد جو کہ ایک اخبار فروش تھا۔

مرسلہ: رضوان علی طاہری۔ مرکزٹول پلازہ کراچی

 

تین چیزیں

تین باتوں پر ایمان رکھو۔ اللہ۔ رسول۔ آخرت

تین چیزوں کو بڑھاؤ۔ عقل۔ ہمت۔ محبت

تین چیزوں کا احترام کرو۔ والدین۔ اساتذہ۔ قوانین

تین چیزوں سے بچو۔ آہ۔ فریاد۔ بددعا

مرسلہ: حمیر عباس انصاری۔۔ پاٹولی محلہ ماتلی

 

القابات و خطابات

  • ابوالبشر حضرت آدم علیہ السلام
  • آدم ثانی حضرت نوح علیہ السلام
  • کلیم اللہ حضرت موسیٰ علیہ السلام
  • خلیل اللہ حضرت ابراہیم علیہ السلام
  • ذبیح اللہ حضرت اسمٰعیل علیہ السلام

مرسلہ: حافظ عبدالغفار مستوئی طاہری۔ ٹنڈوالہیار

 

کافر کے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے دو سوال

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کہیں جارہے تھے۔ ایک کافر کو علم ہوا کہ یہ مسلمانوں کا امیر اور نائب رسول ہیں۔ اسے بڑی حیرت ہوئی۔ وہ دوڑ کر ان کے قریب پہنچا اور سوال کیا’’کیا آپ مسلمانوں کے امیر ہیں؟‘‘

آپ نے جواب دیا’’ امیر نہیں محافظ ہوں۔‘‘

کافر نے پھر سوال کیا’’آپ اپنے ساتھ محافظ دستہ کیوں نہیں رکھتے؟‘‘

حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے جواب دیا ’’رعایا کے یہ کام نہیں کہ وہ میری حفاظت کریں بلکہ یہ میرا کام ہے کہ میں ان کی حفاظت کروں۔‘‘

مرسلہ: محمد عالم نقشبندی طاہری۔۔ اوتھل بلوچستان

 

جمال خدواندی

ایک عورت حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ کے پاس آکر کہنے لگی’’میرا شوہر دوسرا نکاح کرنا چاہتا ہے۔‘‘

آپ نے فرمایا ’’اگر اس کے نکاح میں اس وقت چار عورتیں نہیں ہیں تو اسے دوسرا نکاح جائز ہے۔‘‘

عورت بولی ’’یا حضرت اگر غیر مردوں کو عورتوں کی طرف دیکھنا جائز ہوتا تو میں اپنا چہرہ کھول کر دکھاتی تاکہ آپ مجھے دیکھ کر بتاتے کہ جس شخص کے نکاح میں میرے جیسی صاحب جمال عورت ہو اسے میرے سوا دوسری عورت سے نکاح کرنا لائق ہے؟‘‘

حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ نے عورت کی بات سن کر ایک نعرہ مارا اور رونے لگے اور اس کا سبب پوچھنے پر فرمایا’’میرے ذہن میں اس وقت یہ خیال آیا ہے کہ حق تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر دنیا میں کسی کو مجھے دیکھنا جائز ہوتا تو میں اپنے جمال سے حجاب اٹھاکر اس پر ظاہر ہوجاتا تاکہ وہ مجھے دیکھتا پھر اسے معلوم ہوتا کہ جس کا مجھ جیسا رب ہو، اس کے دل میں مجھے چھوڑ کر کسی اور کی محبت ہونی چاہیے؟

مرسلہ: غلام مرتضیٰ کنبھر طاہری۔۔ عمر کوٹ

 

اقوال زریں

  • مصائب سے مت گھبرائیں کیونکہ ستارے اندھیرے میں ہی چمکتے ہیں۔
  • تعلیم سلیقہ سکھاتی ہے اور محنت سے انسان اپنی زندگی بناتا ہے۔
  • زندگی اس خوشی کا نام ہے جو دوسروں کی خاطر حاصل کی جائے۔

مرسلہ: محمد نعیم طاہری۔ اوتھل بلوچستان