فہرست الطاہر
شمارہ 53، ذوالقعدہ 1429ھ بمطابق نومبر 2008ع

گلہائے رنگ رنگ

 

قرآن کی برکت

حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول خدا صلّی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے کہ ”قرآن پڑھا کرو بے شک قرآن قیامت کے دن اپنے پڑھنے والے کے لیے سفارشی بن کر آئے گا۔“ (مسلم)

مرسلہ: سلمان محمود۔ مرکزٹول پلازہ کراچی

 

دو گھونٹ اور دو قطرے

رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ دو گھونٹ اللہ کو بہت پسند ہیں ایک غصے کا اور دوسرا صبر کا۔ دو قطرے اللہ کو نہایت پسند ہیں ایک جہاد میں خون کا قطرہ اور دوسرا آنکھ کا وہ قطرہ جو رات کی تنہائی میں صرف اللہ کے خوف سے نکلے۔

مرسلہ: رابعہ عتیق۔ چک نمبر 561.EBضلع وہاڑی

 

چھ جامع نیکیاں

آنحضرت صلّی اللہ علیہ وسلم نے چھ ایسے اعمال بتائے جن کی پابندی کرنے والے کے لیے آپ صلّی اللہ علیہ وسلم نے جنت کی ضمانت لی ہے۔ حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت صلّی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ”مجھے اپنی طرف سے چھ باتوں کی ضمانت دے دو میں تمہیں جنت کی ضمانت دیتا ہوں۔ جب تمہارے پاس امانت رکھوائی جائے تو اسے ادا کرو۔ جب کسی سے کوئی معاہدہ کرو تو اسے پورا کرو۔ جب بات کرو تو سچ بولو۔ اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرو اور اپنی نگاہیں نیچے رکھو اور اپنے ہاتھوں کو دوسروں کو تکلیف پہنچانے اور گناہ کرنے سے روکو۔“ (شعب الایمان للبیہقی)

مرسلہ: شیر محمد دودا طاہری۔ حب چوکی بلوچستان

 

فضائل درود صلّی اللہ علیہ وسلم

  • جس نے مجھ پر ایک بار درود پاک پڑھا اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں بھیجتا ہے۔
  • بروز قیامت لوگوں میں سے میرے قریب تر وہ ہوگا جس نے دنیا میں مجھ پر زیادہ درود پاک پڑھے ہوں گے۔
  • جس نے مجھ پر ایک مرتبہ درود پاک پڑھا اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں بھیجتا ہے اور اس کے نامہ اعمال میں دس نیکیاں لکھتا ہے۔
  • مسلمان جب تک مجھ پر درود شریف پڑھتا رہتا ہے فرشتے اس پر رحمتیں بھیجتے رہتے ہیں اب بندے کی مرضی ہے کم پڑھے یا زیادہ۔

مرسلہ: محمد رمضان طاہری جوکھیو۔ برانچ بندیچا اسٹاپ

 

آیۃ الکرسی کی فضیلت

  • حضور نبی کریم صلّی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص آیۃ الکرسی پڑھے گا اللہ تعالیٰ ایک فرشتے کو بھیجے گا جو اگلے دن اسی وقت تک اسی شخص کے نامہ اعمال میں نیکیاں لکھتا رہے گا گناہ مٹاتا رہے گا۔
  • حضور نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ آیۃ الکرسی پڑھ کر اپنے نفسوں کو مضبوط قلعہ میں مضبوط کرو۔
  • ایک شخص نے حضور نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام سے عرض کیا یارسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم میرے گھر میں خیر و برکت نہیں ہے حضور نبی کریم علیہ الصوٰۃ والسلام نے فرمایا آیۃ الکرسی کیوں نہیں پڑھتے۔

مرسلہ: غلام رسول قریشی۔ اکرم کالونی قریشی محلہ حب

 

سرکار علیہ الصلوٰۃ والسلام کا جواب

رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے عرض کیا کہ یارسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم جب آپ اس دار فانی سے رحلت فرما جائیں تو ہمارے لیے زمین کا اندر بہتر ہے یا زمین کا باہر۔ آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا جب تمہارے حکمران نیک ہوں، مالدار لوگ سخی ہوں، تمہارے معاملات مردوں کے سپرد ہوں تو تمہارے لیے زمین کا ظاہر اس کے باطن سے بہتر ہے اور جب تمہارے حکمران برے ہوں، مالدار بخیل ہوں، تمہارے معاملات عورتوں کے سپرد ہوں تو تمہارے لیے زمین کا اندر اس کے باہر سے بہتر ہے۔

مرسلہ: محمد علی طاہری۔ حب سٹی ضلع لسبیلہ

 

معلومات قرآن

  • قرآن پاک میں کل 6666 آیات ہیں۔
  • قرآن پاک میں اللہ تبارک وتعالیٰ کا نام 2548 مرتبہ آیا ہے۔
  • قرآن پاک میں لفظ احمد صلّی اللہ علیہ وسلم 1 ایک مرتبہ آیا ہے۔
  • قرآن پاک میں نام محمد صلّی اللہ علیہ وسلم 4 چار مرتبہ آیا ہے۔
  • قرآن پاک میں لفظ قل 332 مرتبہ آیا ہے۔
  • قرآن پاک میں لفظ رحمان 57 مرتبہ آیا ہے۔
  • قرآن پاک میں لفظ رحیم 114 مرتبہ آیا ہے۔
  • قرآن پاک میں لفظ ”ظ“ سب سے کم استعمال ہوا ہے۔
  • قرآن پاک میں کل 26 انبیاء کے نام آئے ہیں۔
  • قرآن پاک میں چار پھلوں کے نام آئے ہیں انار۔ انگور۔ انجیر۔ زیتون۔
  • قرآن پاک کی سورۃ مجادلہ میں ہر آیت میں اللہ تبارک و تعالیٰ کا نام آیا ہے۔
  • قرآن پاک کے اندر صحابہ کرام میں سے زید بن حارث رضی اللہ عنہ کا نام ہے۔
  • قرآن پاک میں 8 چوپایوں کے نام آئے ہیں۔ اونٹ۔ گائے۔ گھوڑا۔ گدھا۔ بندر۔ کتا۔ ہاتھی۔ خنزیر۔

مرسلہ: دلبر حسین طاہری۔ چک 208 فیصل آباد

 

معلومات انبیاء علیہم السلام

  • حضرت موسیٰ علیہ السلام کا قد 13 گز لمبا تھا۔
  • حضرت موسیٰ علیہ السلام نے 120 سال عمر پائی۔
  • حضرت داؤد علیہ السلام کے جنازے کے ساتھ چالیس ہزار 40000 علماء تھے۔
  • حضرت نوح علیہ السلام نے 1050 سال عمر پائی۔
  • حضرت آدم علیہ السلام کی وفات کے وقت آپ کی اولاد کی تعداد چالیس ہزار 40000 تھی جن میں پوتے پوتیاں سب شامل تھے۔

مرسلہ: بنت آدم۔ لاہور

 

حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا

چھ چیزیں ایسی ہیں جو قابل تعظیم ہیں اور بہترین حسن اخلاق کی مظہر ہیں۔ ان میں تین چیزیں تو گھر میں کرنے والی ہیں اور دوسری تین سفر میں کرنے والی ہیں۔ قرآن کی تلاوت۔ پابندی کے ساتھ مسجدوں کی حاضری۔ ایسا گروپ بنانا جو اللہ کے راستے میں کام آئے۔ کھانے میں غریبوں کو شامل کرنا۔ اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا۔ مسافروں سے حسن و سلوک سے پیش آنا۔

مرسلہ: شازیہ پروین طاہری۔ چک 208 فیصل آباد

 

اقوال حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا

  • حق کا پرستار کبھی ذلیل نہیں ہوتا چاہے سارا زمانہ اس کے خلاف ہوجائے اور باطل کا پیروکار کبھی عزت نہیں پاتا خواہ چاند اس کی پیشانی پر نکل آئے۔
  • سچائی کی مشعل جہاں بھی دکھائی دے اس سے فائدہ اٹھا یہ نہ دیکھ کہ مشعل بردار کون ہے۔

مرسلہ: فریدہ طاہری۔ دنبہ ولیج ملیر کراچی

 

ذہانت

  • امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے کہ ذہانت میں چار چیزوں سے اضافہ ہوتا ہے۔
  • فضول گفتگو کو چھوڑنا۔
  • مسواک کرنا ہر وضو سے پہلے۔
  • نیک لوگوں کی مجلس میں بیٹھنا۔
  • علماء کی مجلسوں میں بیٹھنا۔

مرسلہ: تنزیلہ طاہری۔ ماتلی

 

نیت

ایک مرتبہ امام مالک کے پاس کچھ سامان بکنے کے لیے آیا۔ کچھ تاجر ان کے پاس آئے وہ سامان دیکھا تو انہیں پسند آیا انہوں نے پانچ ہزار درہم پر بیع کرنا چاہا۔ امام مالک نے ان سے کہا رات گذرنے دو صبح دیکھیں گے۔ صبح کچھ اور تاجر آئے اور اسی سامان کے دس ہزار درہم دینے لگے لیکن امام مالک نے کہا میں رات کو پہلے تاجروں کو سامان دینے کی نیت کرچکا ہوں اب زیادہ رقم کے عوض نیت نہیں بدل سکتا۔

مرسلہ: وقاص احمد طاہری۔ جامع جگسی مسجد ماتلی

 

اقوال زریں

  • جھوٹ بول کر جیتنے سے بہتر ہے ایک سچ بول کر ہار جائیں۔
  • صبر ایک ایسی سواری ہے جو کبھی بھٹکتی نہیں۔
  • ماں سے بڑھ کر کوئی بڑا استاد نہیں۔

مرسلہ: شوکت علی طاہری۔ دودوگوٹھ لسبیلہ بلوچستان

 

عظیم لوگ عظیم باتیں

  • دوست ہزار بھی کم ہیں دشمن ایک بھی زیادہ ہے۔
  • انسان عقل سے پہچانا جاتا ہے شکل سے نہیں۔
  • بیوقوف جب تک خاموش رہتا ہے وہ عقلمند شمار ہوتا ہے۔
  • اپنے زخم اسے نہ دکھاؤ جس کے پاس مرہم نہ ہو۔

مرسلہ: محمد عمران قریشی۔ چمبڑ روڈ ٹنڈو الہیار

 

کچھ سیکھو

  • بلندی اور عظمت کا درس لینا چاہتے ہو تو پہاڑوں کی بلند وبالا چوٹیوں سے لو۔
  • اتحاد کا درس لینا چاہتے ہو تو بارش کے قطروں سے لو۔
  • سرسبز درختوں سے سیکھو کہ کس طرح دھوپ میں جل کر دوسروں کو سایہ دیا جاتا ہے۔

مرسلہ: نازیہ پروین طاہری۔ چک 208 فیصل آباد

 

اہم معلومات

  • دنیا کا بلند ترین ڈیم روگن ڈیم ہے۔
  • دنیا کا خطرناک ترین آتش فشاں اینٹوفالا ہے۔
  • دنیا کا سب سے ٹھنڈا ریگستان صحرائے گوبی ہے۔
  • سب زیادہ پہاڑ سوئٹزلینڈ میں ہے۔
  • اونٹ کے 36 دانت ہوتے ہیں۔

مرسلہ: شوکت علی طاہری۔ دودوگوٹھ حب بلوچستان

 

حقوقِ ہمسایہ

  • پڑوسی کو ستانے والا دوزخی ہے۔
  • تمہارا پڑوسی اگر تم سے مدد چاہے تو اس کی مدد کرو۔
  • اگر بیمار ہوجائے تو اسکی بیمار پرسی کرو۔
  • حق ہمسائیگی چالیس گھروں تک ہے یعنی چاروں طرف چالیس گھر۔
  • جس کے شر سے پڑوسی بے خوف نہ ہو وہ مسلمان نہیں خواہ وہ پڑوسی کافر ہویا مومن۔

مرسلہ: حمیر عباس انصاری۔ پاٹولی محلہ ماتلی

 

معلومات دنیا

  • دنیا کا سب سے بڑا ملک آبادی کے لحاظ سے چائنہ ہے۔
  • دنیا کا سب سے چھوٹا ملک آبادی اور رقبے کے لحاظ سے ویٹیکن سٹی ہے۔
  • دنیا کا سب سے زیادہ آلودگی والا شہر میکسیکو سٹی ہے۔
  • دنیا کا سب سے بڑا لمبا دریا نیل دریا ہے۔

مرسلہ: سائیں عبدالوہاب۔ پاٹولی محلہ ماتلی

 

عیدین کے دن روزے رکھنا منع ہے

حضرت عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کے غلام حضرت ابو عبید رحمۃ اللہ تعالیٰ کہتے ہیں کہ میں نے ایک مرتبہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ عید کی نماز پڑھی انہوں نے اذان اور اقامت کے بغیر خطبے سے پہلے نماز پڑھائی پھر خطبہ دیا کہ اے لوگو حضور صلّی اللہ علیہ وسلم نے دو دن روزے رکھنے سے منع فرمایا ہے۔ ایک تو عیدالفطر کا دن جس دن تم رمضان کے روزوں سے افطار کرتے ہو اور عید مناتے ہو۔ دوسرا وہ دن جس دن تم لوگ اپنی قربانی کا گوشت کھاتے ہو۔ (مسند احمد جلداول صفحہ 34)

مرسلہ: حافظ وحید علی طاہری۔ المرکز ٹول پلازہ کراچی

 

اقوال زریں

  • جو علم دنیا کمانے کے لیے حاصل کرتا ہے علم اس کے دل میں جگہ نہیں پاتا۔ (امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ)
  • علم بغیر عمل کے ایسا ہے جیسے بغیر روح کے انسان۔ (امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ)
  • مایوسی ایک دھوپ ہے جو سخت سے سخت وجود کو جلا کر راکھ کردیتی ہے۔ (شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ)
  • مصائب سے مت گھبرا کیونکہ ستارے اندھیرے ہی میں چمکتے ہیں۔ (حضرت لقمان رحمۃ اللہ علیہ)
  • دل ایک آئینہ ہے اگر وہ بدی سے پاک ہے تو اس میں خدا بھی نظر آسکتا ہے۔ (مولانا رومی علیہ الرحمۃ)

مرسلہ: محمد اسلم۔ اللہ آباد ٹاؤں مگسی کالونی حب

 

نیک بختی کی علامتیں

  • دنیا میں عبادت کرے اور آخرت کی رغبت رکھے۔
  • عبادت اور تلاوت القرآن پر کمر بستہ رہے۔
  • ضرورت نہ ہو تو کم بولے۔
  • پانچوں نمازیں پابندی سے پڑھے۔
  • تھوڑا ہو یا زیادہ حرام سے بچے۔
  • نیک لوگوں کے ساتھ بیٹھے۔
  • عاجزی کرنے والا ہو تکبر نہ کرے۔
  • خوش اخلاق سخی ہو۔

مرسلہ : محمد علی انگاریہ۔ مرکز ٹول پلازہ کراچی

 

واصف علی واصف

  • حضور علیہ الصوٰۃ والسلام کی بات پر کسی اور بات کو فوقیت دینا ایسے ہے جیسے شرک۔
  • انسان جتنی محنت خامی چھپانے میں صرف کرتا ہے اتنی محنت میں خامی دور کی جاسکتی ہے۔
  • فقیری شروع ہوتی ہے بے ضرر ہوجانے سے اور مکمل ہوتی ہے منفعت بخش ہوجانے پر۔

مرسلہ: محمد زکریا طاہری۔ سجن آباد اوتھل بلوچستان

 

شعر

اللہ وہ دل دے جو ترے عشق کا گھر ہو
دائمی رحمت کی تری اس پر نظر ہو

دل دے کہ ترے عشق میں یہ حال ہو اس کا
محشر کا اگرشور ہو تو بھی نہ خبر ہو

مرسلہ: خان سعدی۔ سعید آباد بلدیہ ٹاؤن کراچی

 

اقوال حضرت بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ

  • اللہ تعالیٰ کو راضی کر وہ تجھے راضی کرے گا۔
  • نیک بخت وہ ہے کہ نیکی کرے، ڈرے اور بدبخت وہ ہے کہ بدی کرے اور مقبولیت کی امید رکھے۔
  • کوئی گناہ تمہیں اتنا ضرور نہیں پہنچاتا جتنا دوسرے مسلمان کی بے عزتی کرنا اور اسے حقیر وخوار سمجھتا۔
  • انسان کو چار چیزیں بلند کرتی ہیں۔ علم، حلم، کرم، خوش کلامی۔

مرسلہ: رضوان علی طاہری۔ مرکز ٹول پلازہ کراچی

 

لطیفے

ایک صاحب کی بیگم انہیں کئی روز سے کہہ رہی تھی کہ اب ہمیں کسی مہنگے گھر میں چلے جانا چاہیے۔ ایک دن وہ صاحب دفتر سے مسکراتے ہوئے آئے اور بیگم سے مخاطب ہوکر بولے ”بیگم خوش ہوجاؤ ہمیں اب دوسرا گھر ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں پڑے گی مالک مکان نے اسی گھر کا کرایہ بڑھادیا۔“

سالانہ میٹنگ میں بینک کے اعلیٰ افسر اکٹھے ہوئے تو بینک مینیجر نے گذارش کی۔ جناب ہمارے گن مین کے کارتوسوں کو خریدے بڑا عرصہ ہوچکا ہے آپ نئے کارتوس خریدنے کی اجازت دیں۔ ”آپ بھی کیسے لوگ ہیں۔ ان کارتوسوں کو چلا کر دیکھ لیں جو ٹھیک ہوں وہ رکھ لیں اور خراب کارتوسوں کی جگہ نئے خرید لیں۔“ آفیسر اعلیٰ نے جواب دیا۔

مرسلہ: سید علی شاہ۔ پشاور

 

کس نے کیا کہا

  • گلاب نے کہا زندگی خوشبو کا نام ہے۔
  • گلشن نے کہا زندگی خوبصورتی کانام ہے۔
  • دولت کے اندھے امیر نے کہا زندگی عیش و عشرت کا نام ہے۔
  • فقیروں نے کہا زندگی سجن سائیں کی صحبت کا نام ہے۔

مرسلہ: بلاول علی طاہری۔ مولا مدد لیاری کراچی

 

نماز کے دس فائدے

  • اللہ تعالیٰ کی رضا۔
  • نزول رحمت کا ذریعہ۔
  • جنت کی قیمت۔
  • آسمانوں کی چابی۔
  • میزان میں وزن۔
  • دل کا نور۔
  • چہرے کی نورانیت۔
  • قبر میں ساتھی۔
  • جسم کی راحت۔
  • آگ سے بچاؤ کا ذریعہ۔

مرسلہ: شکیل احمد طاہری۔ مولامدد لیاری کراچی

 

معلومات عامہ

  • دنیا کا سب سے بڑا پوسٹ آفس لندن میں ہے۔
  • دنیا کا سب سے بڑا ٹی وی ٹاور ماسکو میں ہے۔
  • دنیا کا پرانا شہر دمشق ہے۔
  • پاکستان کا سب سے بڑا عجائب گھر کراچی میں ہے۔
  • پاکستان کا سب سے بڑا جنگل چھانگامانگا میں ہے۔

مرسلہ: فیضان احمد راجپوت طاہری۔ کشمیری محلہ ماتلی

 

حکمت کے موتی

  • بے کار ہے وہ دل جس میں اللہ کا ذکر نہ ہو۔
  • بے کار ہے وہ گھر جس میں قرآن پاک کی تلاوت نہ ہو۔
  • بے کار ہے وہ محفل جس میں اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے نبی صلّی اللہ علیہ وسلم کا ذکر نہ ہو۔
  • بے کار ہے وہ وقت جس کی پابندی نہ ہو۔
  • بے کار ہے وہ علم جس پر عمل نہ ہو۔
  • بے کار ہے وہ عدالت جس میں انصاف نہ ہو۔
  • بے کار ہے وہ زبان جس میں اخلاق کی مٹھاس نہ ہو۔

مرسلہ: صائمہ طاہری۔ دنبہ گوٹھ کراچی

 

اقوال زریں

  • علم ایک ایسا پودا ہے جسے اگر ایک شخص بھی لگائے تو اس کا پھل ہرشخص کھاتا ہے۔
  • علم دل کو اس طرح زندہ رکھتا ہے جیسے بارش زمیں کو۔
  • توبہ کرنا بہت آسان ہے مگر گناہ کو چھوڑنا بہت مشکل ہے۔
  • جس طرح چھت کے بغیر مکان بیکار ہے اسی طرح عمل کے بغیر علم بے کار ہے۔
  • غم کا بہترین علاج مصروفیت ہے۔
  • بڑے کام کرو، بڑے وعدے نہ کرو۔

مرسلہ: فقیر شہاب الدین پیرزادہ طاہری۔ حب چوکی

 

قرآن پاک کے تراجم

  • قرآن پاک کا سب سے پہلا فارسی ترجمہ حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے کیا۔
  • قرآن پاک کا سب سے پہلا انگریزی ترجمہ مولانا محمد علی نے کیا۔
  • قرآن پاک کا سب سے پہلا پنجابی ترجمہ حافظ محمد لکھنوی نے کیا۔
  • قرآن پاک کا سب سے پہلا روسی ترجمہ جمال الدین افغانی نے کیا۔
  • قرآن پاک کا سب سے پہلا اردو ترجمہ رفیع الدین نے کیا۔
  • قرآن پاک کا سب سے پہلا سندھی ترجمہ آخوند عزیز اللہ نے کیا۔

مرسلہ: سیما طاہری۔۔ دنبہ ولیج

 

منقبت شریف

  • میرے سجن کا رتبہ ہے اعلیٰ ولی ولی
  • دھوم مچی ہے دیکھو جاکر گلی گلی
  • محبوب ہیں نبی کے اور خدا کے پیارے
  • سوہنا سائیں کی آنکھوں کے تارے
  • راضی ہیں جن پر بوبکر و عمر و عثمان و علی
  • چھوڑ کے سجن کا در کہیں اور کیوں جاؤں
  • نثار سجن کے در پر مرجاؤں
  • تھاما ان کا ہاتھ ہماری قسمت کھلی کھلی

مرسلہ: قاری نثار احمد جونو طاہری۔ گلشن معمار کراچی

 

اقوال زریں

  • کمزور لوگ موقعوں کی تلاش میں رہتے ہیں جبکہ باہمت انسان خود مواقع پیدا کرتا ہے۔
  • خامیوں کا احساس کامیابی کی کنجی ہے۔
  • ضرورت بہادر کو بھی بزدل کردیتی ہے۔
  • زندگی کا مقصد مسرت نہیں تکمیل انسانیت ہے۔
  • اچھا سوال آدھا علم ہے۔
  • کسی سوال کا جواب معلوم نہ ہو تو لاعلمی کا اظہار کردینا نصف علم ہے۔

مرسلہ: غلام مصطفی طاہری شاہانی۔ گلشن معمار کراچی

 

قول حضرت میاں میر رحمۃ اللہ علیہ

انسان، نفس، روح اور دل کا مجموعہ ہے۔ نفس کی اصلاح کے لیے شریعت، دل کی اصلاح کے لیے طریقت اور روح کی اصلاح کے لیے حقیقت ضروری ہے۔

مرسلہ: راشد محمود طاہری۔ نشترکالونی لاہور

 

علم کیا ہے؟

حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کسی نے پوچھا علم کیا ہے؟ آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا علم یہ ہے کہ اگر کوئی تم پر ظلم کرے تو اسے معاف کردو۔ اگر کوئی تعلقات توڑدے تو تم جوڑدو۔ اگر کوئی تمہیں محروم کردے تو تم اسے نواز دو۔ طاقت انتقام ہو تو عفو درگذر سے کام لو۔ خطاکار سامنے ہو تو سوچو کہ اس کی خطا بڑی ہے یا تمہارا رحم۔ غصے میں ایسی بات نہ کہو کہ تم نادم ہو۔

مرسلہ: محمد وسیم طاہری نقشبندی۔ مہاجر کیمپ کراچی

 

معلومات

  • سب سے پہلے اللہ اکبر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کہا۔
  • سب سے پہلے سر کے بالوں کی مانگ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے نکالی۔
  • سب سے پہلے بسم اللہ الرحمٰن الرحیم حضرت سلیمان علیہ السلام پر نازل ہوئی۔
  • سب سے پہلے ناپ تول کا طریقہ حضرت ادریس علیہ السلام نے ایجاد کیا۔
  • سب سے پہلے منبر پر خطبہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دیا۔

مرسلہ: بنت فاطمہ۔ لاہور

 

انسان

اے انسان تو مٹی کا ایک پتلا ہے تجھے اللہ نے اس دنیا میں آزمائش کے طور پر بھیجا ہے۔ لیکن توہی دنیا میں سب سے زیادہ فساد پھیلانے والا ہے اوریاد رکھ کے سب سے زیادہ افضل مخلوق کا درجہ بھی اللہ نے تجھے دیا ہے لیکن افسوس کہ تونے اپنی عظمت کو ابھی تک نہیں پہچانا۔

مرسلہ: خوش محمد بروہی طاہری۔ لاڑکانہ

 

ہنسنا منع ہے

پرائمری اسکول کے استاد نے مناسب سمجھا کہ بچوں کو روز مرہ زندگی سے مثالیں دی جائیں۔ تو انہوں نے ایک شاگرد کو کہا فرض کرو میں پنکھے کا بٹن دباتا ہوں لیکن پنکھا نہیں چلتا تو اس کا کیا مطلب ہے۔

شاگرد نے جواب دیا یہی کہ آپ نے بجلی کا بل ادا نہیں کیا ہے۔

مرسلہ: محمد ادریس بروہی طاہری۔ لاڑکانہ

 

اقوال زریں

  • لینا چاہتے ہو تو بڑوں کی دعائیں لو
  • دینا چاہتے ہو تو خدا کی راہ میں دو
  • لڑنا چاہتے ہو تو اپنے ملک کے دشمنوں سے لڑو
  • کھانا چاہتے ہو تو اپنے غصے کو کھاؤ
  • ڈرنا چاہتے ہو تو اپنے رب سے ڈرو
  • رونا چاہتے ہو تو اپنے اعمال دیکھ کر روؤ۔

مرسلہ: محمد ارشاد جوکھیو طاہری۔ دھنی پرتوموسیٰ گوٹھ

 

وقت

  • وقت اجنبی پرندہ ہے اگر ہاتھ سے نکل جائے تو پھر کبھی بھی واپس نہیں آتا۔
  • وقت وہ پھول ہے جو مرجھانے کے باجود انسان کو اپنی خوشبو کا احساس دلاتا رہتا ہے۔
  • وقت ایک ایسا تاج ہے جسے دنیا میں کامیاب انسان پہنچتے ہیں۔
  • وقت کو ٹھوکر مارنے والے ہمیشہ دوسروں کی ٹھوکروں کا نشانہ بنتے ہیں۔
  • اگر وقت کو قابو کرنا چاہتے ہو تو اپنی زندگی کی مقصد کو اچھی طرح سمجھو اور سجن سائیں کی صحبت میں آؤ۔

مرسلہ: محمد مسلم بروہی طاہری۔ لاڑکانہ

 

کیا آپ جانتے ہیں؟

  • انسان لعاب دہن کا نکتہ ابال پانی کے نکتہ ابال سے تین گنا زیادہ ہوتا ہے۔
  • چھینکتے ہوئے ناک کو پکڑنا اور منہ کو دبانا درست نہیں ہے اس سے آنکھوں کے ڈھیلوں پر سخت دباؤ پڑتا ہے۔
  • دنیا میں سب سے زیادہ سنترے Orange برازیل میں پیدا ہوتے ہیں۔

مرسلہ: ڈاکٹر گل حسین جویو۔ ٹنڈوالہیار سندھ

 

ذکر سے غافل

ایک بزرگ روزانہ دریا سے مچھلیاں پکڑنے جاتے تھے۔ ایک دن وہ اپنی بیٹی کو بھی ساتھ لے گئے۔ وہ مچھلیاں پکڑتے رہے اور پکڑ پکڑ کر بیٹی کو دیتے رہے۔ یہاں تک کہ شام ہوگئی۔ انہوں نے جال سمیٹا پھر بیٹی سے کہا مچھلیاں کہاں ہیں۔ بیٹی نے جواب دیا ابا جان وہ تو میں نے دریا ڈال دیں۔ بزرگ حیران ہوئے یہ تم نے کیا کیا؟ بیٹی نے کہا ابا جان آپ ہی نے ایک دن کہا تھا کہ جو مچھلی اللہ کے ذکر سے غافل ہو وہی پکڑی جاتی ہے۔ میں نے سوچا کہ یہ تمام مچھلیاں اللہ کے ذکر سے غافل ہوئی ہیں یہ نہ ہوکہ جب ہم انہیں کھائیں تو ہم بھی اللہ کے ذکر سے غافل ہوجائیں۔

مرسلہ: پیر بخش طاہری۔ دارو ہوٹل پتھر کالونی حب چوکی

 

کرامات اولیاء

حضرت خواجہ بہاؤالدین نقشبند رحمۃ اللہ علیہ ایک نہر کے کنارے پر درویشوں کے ہمراہ تشریف فرما تھے۔ صحبت گرم تھی اتنے میں ایک درویش کی زبان سے نکلا کہ پہلے بزرگوں کی کرامات و تصرفات بہت زیادہ تھیں۔ اب ایسا کوئی بزرگ نہیں ہے جس سے کرامات، تصرفات کا صدور ہو۔ حضرت خواجہ نے فرمایا کہ اب بھی ایسے لوگ ہیں کہ اگر اس نہر کو اشارہ کریں کہ الٹی بہہ تو اسی وقت الٹی بہہ لگے۔ حضرت خواجہ کا یہ فرمانا تھا کہ نہر کا پانی الٹا بہنے لگا۔ لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے اس کرامت کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور حضرت خواجہ کے خادمین میں شامل ہوگئے۔

مرسلہ: محمد رفیق طاہری۔ پتھر کالونی حب ضلع لسبیلہ بلوچستان

 

ایک عظیم مدبر کے اقوال

  • اللہ کا حضوراس کے بندوں کے توسط سے ہی ملتا ہے۔
  • انسان کو چاہیے کہ گاہے بگاہے اپنے اندر جھانکتا رہے۔ کیونکہ انسان کے لیے ہیں سب سے بڑا منصف اس کااپنا ضمیر ہوتا ہے۔
  • علم ہمیشہ ادب سے ہی حاصل ہوتا ہے۔

مرسلہ: ام جواد شبانہ کوثر۔ چک 59 بورے والہ