فہرست
سیرت ولی کامل (حصہ اول)

اعتذار و التماس

”سیرت ولی کامل“ حصہ اول حضور سوہنا سائیں نور اللہ مرقدہ کی اعلیٰ سیرت و سوانح کی ایک جھلک سے زیادہ کچھ نہیں۔ اور وہ بھی آپ کی نورانی جماعت میں سے ایک عاجز سیہ کار سراپا قصور وار کے قلم سے جو ظاہری، ادبی ظرافت، قادر الکلامی خواہ باطنی مطلوب لیاقتوں اور صلاحیتوں سے یکسر خالی ہے۔ اس لئے قارئین کرام سے گزارش ہے کہ جہاں کہیں آپ کو کوئی لغزش نظر آئے اصلاح و افادۂ عامہ کے لئے اس عاجز کو مطلع کریں تاکہ دوسرے ایڈیشن میں درست کیا جا سکے، نیز پیش نظر مواد کے مطابق حضور نوراللہ مرقدہ کے حالات زندگی، کرامات، مکتوبات، ملفوظات، موجود ہوں تو ادارہ کو فراہم کرکے مشکور فرمائیں۔ تاکہ دوسرے ایڈیشن میں شائع کئے جاسکیں۔

آخر میں قارئین کرام سے اپنی محنت و جانکاہی کا صلہ صرف اس قدر مطلوب ہے کہ جب بھی سیرت ہذا سے مستفیض ہوں، ختم شریف پڑھ کر حضور نوراللہ مرقدہ کو ایصال ثواب کریں، حضور کے جملہ خاندان، بالخصوص حضرت صاحبزادہ سجن سائیں مدظلہ کی صحت، درازی عمر، نیکی استقامت اور آپ کے تبلیغی مشن کی ترویج و ترقی کے لئے ضرور دعا کریں۔ نیز مولف اور والدین کے حق میں حضور کے نقش قدم پر چلنے، اخلاص، نیکی، حفظ ایمان، خاتمہ بالخیر اور مغفرت کی دعا فرمائیں۔

ع۔ اگر تھوڑا بہت ہی ہم تیری راہوں کو اپنائیں
خزاں نا آشنا ہوکر گلستاں میں بہار آئے

طالب دعا

لاشی فقیر حبیب الرحمٰن عفی عنہ طاہری (حبیب بخشی)
آستانہ عالیہ اللہ آباد شریف