| فہرست |
سیرت ولی کامل (حصہ دوم) |
مکتوب ۲۰اپنی اولاد امجاد کو تقویٰ نیکی اور خدمت خلق کی ترغیب دیتے ہوئے ان کے نام تحریر فرمایا۔۷۸۶ لاشئ فقیر اللہ بخش غفاری بخدمت جناب نور چشم راحت جان مولانا مولوی محمد طاہر صاحب سلمکم اللہ تعالیٰ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔ عرض یہ کہ الحمدللہ بندہ بخیریت ہے، درد و تکلیف سے آرام ہے۔ سب دعا فرماویں کہ اللہ تعالیٰ کلی شفاء عاجلہ عطا فرماوے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو خوش رکھے بندہ دعاگو ہے۔ یہ خاص عرض ہے اور ہم اور آپ کا نقص بلکہ بڑا جرم ہے جو ہم اور آپ باہر
جماعت میں دوستوں، شاگردوں، عام اور خاص کے لئے جس قدر ہوسکتا ہے کوشش کرتے
ہیں۔ لیکن جملہ اہل خانہ میں جن کا حق پہلے اور ذمہ داری زیادہ ہے کافی
سستی و غفلت ہے۔ جب ہمارے گھر میں صحیح اصلاح نہ رہے گی تو گھر والوں کا
اور ہمارا بھی نقصان ہے اور جماعت پر بھی اس کا برا اثر اور نقصان ہوگا۔ آپ
کو تاکیدی عرض ہے کہ اس سلسلہ میں اصلاحی مفید قدم، تربیت کا احساسی طریقہ
اپنائیں کہ زیادہ شدت سے بھی اثر اور مطلب برآمد نہیں ہوتا۔ یہ عاجز جب
واپس آجائے تو ہمارے گھر میں بہار آئی معلوم ہو، گھر گلشن محمدی صلی اللہ
تعالیٰ علیہ وسلم اور چمن غفاری بنا ہوا ہو۔ آپ کی ہمشیرائیں اخبار قصے
وغیرہ نہ پڑھیں، اسلامی اخلاق کی کتابیں پڑھیں، آپ ان کو پڑھائیں سمجھائیں،
ترجمہ (قرآن) شروع کرائیں۔ مسائل کی تعلیم دیتی رہو، اپنی والدہ کی غیر موجودگی میں لنگر کے جملہ کام مسائل کی تعلیم، جماعت کے ساتھ رہن سہن کے تمام کام کرتی رہو، اپنی زندگی بامقصد بسر کرو۔ کیا آپ سے یہ توقع رکھی جائے کہ تمہارا محبت کا دعویٰ سچا ہے؟ اگر پہلے غفلت رہی ہے تو آئندہ ہرگز غفلت نہیں رہے گی اور یہ کام شوق و جذبہ سے انجام دیں گی۔ جب اپنے مسائل یاد نہیں اوروں کو کیا پڑھائیں گی؟ کیا آپ کو یہ معلوم نہیں کہ ہمارا فقیرانہ گھرانہ سیکھنے سکھانے، ادب اخلاق، اعمال کا گھر ہے اور ہمارا اور آپ کا فکر کس طرف ہے؟ فرزند ارجمند مولوی محمد طاہر صاحب نہایت ادیب ہے، آپ بھی لائق ہیں۔ پیر اور والد کی اطاعت واجب ہے، کیا قدم اٹھاتے ہو؟ اور اس عاجز کے دل خوش کرنے کے لئے کونسی کوشش کرتے ہو؟ جماعت کی روٹی اور سالن کا انتظام بہتر ہو، حسب ضرورت آلو وغیرہ خریدتے رہنا، طالب علم محمد نواز تندرست نہ ہو یا کسی اور طالب علم کو ضرورت ہو تو گندم کا بھت یا جو کا کش چینی ڈال کر دیدینا اور ثواب حاصل کرنا۔ نور چشم محمد جمیل کا ہر طرح خیال رکھنا اور اسے خوش رکھنا، کھانے پینے میں خوش رکھنا، محض سختی نہ کرنا، پیار و محبت سے رکھنا، طارق کا بھی خاص خیال رکھنا۔ والسلام
|