| فہرست |
سیرت ولی کامل (حصہ دوم) |
مکتوب ۱۴۵یہ مکتوب بھی حضرت سجن سائیں مدظلہ کا ہے جو کہ آپ نے اپنے والد بزرگوار، ظاہری و باطنی مربی مرشد حضرت سوہنا سائیں قدس سرہ کی خدمت میں ارسال کیا تھا۔۷۸۶ بخدمت جناب حضور اقدس قبلتی و کعبتی قلبی و روحی فداہ السلام علیکم و رحمۃ اللہ! خیریت موجود و خیریت مطلوب بعد اقدام بوسی کے عرض کہ قبلہ آپ کی نظر عنایت اور اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے درگاہ اللہ آباد شریف کا انتظام ہر طرح سے بہتر ہے اور مدرسہ کا انتظام بھی ہر لحاظ سے بہتر ہے۔ جملہ اساتذہ پوری پابندی سے اسباق پڑھاتے ہیں اور طلبہ بھی پورے انہماک اور توجہ سے پڑھنے میں مشغول ہیں۔ حضرت صاحب کے فرمان کے مطابق یہ ناچیز نماز اور مراقبہ وغیرہ خود کراتا ہے۔ قبلہ اگر اپنے اعمال پر ایک نظر دوڑاتا ہوں تو واللہ باللہ یہ عاجز ناکارہ اپنے آپ کو اس مقدس مقام پر رہنے کے لائق بھی نہیں سمجھتا، چہ جائیکہ اللہ کے نیک بندوں اور آپ کے مخلص دوستوں کے سامنے کھڑا ہوکر نماز پڑھائے۔ لیکن یہ سوچتا ہوں کہ کچھ بھی ہوں لیکن یہ مرشد کا فرمان ہے، نیز میرے لئے بہتری اسی میں منحصر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے طفیل میرے اس عمل کو مقبول بنائے گا اور مجھے حقیقتًا اس کے قابل بنادے گا، آمین۔ قبلہ سائیں طالب علم محمد نواز زیادہ عرصہ سے بیمار رہنے کے بعد اپنے گھر روانہ ہوگیا ہے، کافی علاج کے باوجود کوئی فائدہ نظر نہیں آیا۔ اس کو روٹی کی بجائے کشش وغیرہ بناکر دی جاتی تھی۔ یہ عاجز فرمان کے مطابق صبح کو بعد از مراقبہ تقریر بھی کرتا ہے۔ ازحد شرمندہ ہوتا ہوں کہ خود بے عمل رہ کر بھی اللہ کے پیارے اور باعمل بندوں کو نصیحت کررہا ہوں، لیکن قبلہ خواہ کتنا ہی عاصی و گنہگار ہوں پھر بھی آپ سے تعلق اور محبت ضرور ہے، اور یہ بھی یقین ہے کہ جو دنیا میں جس کے ساتھ رہے گا قیامت میں اسی کے ساتھ اٹھے گا، اور انشاء اللہ آپ بھی اس گنہگار کو دنیا میں خواہ آخرت میں نہیں بھولیں گے۔ کاش! اللہ سائیں آپ کے شان و مرتبہ پہچاننے والی آنکھیں عطا کرے۔ سوہنا سائیں بھولنا مت۔ گھر میں اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے سب بخیریت ہیں، محمد جمیل اور طارق بھی خوش ہیں۔ تمام افراد کی طرف سے السلام عرض۔ والسلام فقط آپ کا غلام ناچیز محمد طاہر بخشی
|